آبکاری گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی نے عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو کیا گرفتار

عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کی گرفتاری ای ڈی کے ذریعہ طویل پوچھ تاچھ کے بعد ہوئی ہے، ان کی گرفتاری کی خبر سننے کے بعد پارٹی کارکنان بڑی تعداد میں ان کی رہائش پر پہنچے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر قومی آواز/ویپن</p></div>

تصویر قومی آواز/ویپن

user

قومی آوازبیورو

دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملے میں عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا ہے۔ آج صبح ای ڈی نے چھاپہ ماری بھی کی تھی جس کے بعد گرفتاری کی بڑی کارروائی سامنے آئی ہے۔ موصولہ خبروں کے مطابق دنیش اروڑا کے سرکاری گواہ بننے، ان کے ذریعہ دیے گئے بیان اور چارج شیٹ کی بنیاد پر ملے ثبوت کو پیش نظر رکھتے ہوئے سنجے سنگھ کی گرفتاری ہوئی ہے۔

اس درمیان دہلی پولیس نے جانچ ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے قومی راجدھانی واقع دفتر کے باہر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ اندیشہ ہے کہ سنجے سنگھ کی گرفتاری کے احتجاج میں بڑی تعداد میں عآپ کارکنان جن پتھ واقع ای ڈی دفتر کے باہر اکٹھا ہو سکتے ہیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ ’’ہم نے احتیاط کے طور پر اور نظامِ قانون بنائے رکھنے کے لیے پولیس تعینات کی ہے۔‘‘


ای ڈی کے ایک اعلیٰ افسر نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ سنجے سنگھ کو منی لانڈرنگ انسداد ایکٹ کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، لیکن انھوں نے زیادہ جانکاری فراہم نہیں کی۔ یہ گرفتاری ای ڈی افسران کے ذریعہ بدھ کی صبح نارتھ ایونیو علاقے میں ان کی رہائش پر تلاشی شروع کرنے کے بعد ہوئی ہے۔ مبینہ آبکاری گھوٹالہ معاملے میں سنجے سنگھ سابق وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے بعد گرفتار ہونے والے عآپ کے دوسرے سرکردہ لیڈر ہیں۔ منیش سسودیا کو رواں سال فروری ماہ میں سی بی آئی اور ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے آبکاری گھوٹالہ معاملے میں 4 فرد جرم داخل کیے ہیں اور اس میں سنجے سنگھ کے نام کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ ای ڈی کا منی لانڈرنگ معاملہ گزشتہ سال اگست میں آبکاری پالیسی معاملے میں مبینہ بے ضابطگی کی شکایت پر سی بی آئی کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر پر مبنی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔