شاہدرہ ریلوے اسٹیشن پر سیٹ کے لیے شدید جھگڑا، ایک نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل

سیٹ کے لیے تنازعہ بڑھنے پر ہم سفر مسافروں نے پنکج کے ساتھ شدید مارپیٹ کی۔ انہیں گھونسوں اور لاتوں سے بری طرح پیٹا گیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے اور بعد میں ان کا انتقال ہو گیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

قومی راجدھانی دہلی کے پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین میں سیٹ کو لے کر زوردار جھگڑا دیکھنے کو ملا ہے۔ سیٹ کے لیے شروع ہونے والا تنازعہ اس قدر بڑھ گیا کہ ایک نوجوان کی جان چلی گئی۔ واقعہ کے بعد ریلوے اسٹیشن اور آس پاس کے علاقے میں ہلچل سی مچ گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

ڈی سی پی ریلوے کے مطابق پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن تھانے کو شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 3 پر ہونے والی پرتشدد مار پیٹ کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی تفتیشی افسر موقع پر پہنچے اور معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اتر پردیش کے ضلع باغپت کے رہائشی پنکج دھاما یوگا ایکسپریس میں سیٹ حاصل کرنے کے لیے سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران ان کا کچھ ہم سفر مسافروں کے ساتھ تنازعہ ہو گیا۔ الزام ہے کہ تنازعہ بڑھنے پر ہم سفر مسافروں نے پنکج کے ساتھ شدید مارپیٹ کی۔ انہیں گھونسوں اور لاتوں سے بری طرح پیٹا گیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے۔


موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ مارپیٹ میں زخمی ہونے والے پنکج دھاما کو فوری علاج کے لیے جی ٹی بی اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ریلوے پولیس نے اس معاملہ میں ’بھارتیہ نیائے سنہتا‘ کی دفعات 105 اور (5)3 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور جلد ہی مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اس پُرتشدد واقعہ کے دوران ریلوے پروٹیکشن فورس کے ایک کانسٹیبل نے مداخلت کرتے ہوئے صورت حال کو پُرامن بنانے کی کوشش کی تھی۔ فی الحال پولیس معاملے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کر رہی ہے اور واقعہ سے متعلق مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔