دہلی لال قلعہ احاطہ سے چوری ہوا بیش قیمتی کلش ہاپڑ سے برآمد، گرفتار چور سے پولیس کی پوچھ گچھ
چور نے انکشاف کیا ہے کہ 3 کلش چوری ہوئے تھے جس میں ابھی ایک برآمد ہوا ہے۔ دیگر ملزمین اور 2 کلش کی برآمدگی کے لیے چھاپہ ماری جاری ہے۔ برآمد کلش میں تقریباً 760 گرام سونا اور 150 گرام ہیرا جڑا ہے۔

دہلی کے لال قلعہ احاطہ سے چوری ہوئے ایک کروڑ کے کلش معاملے میں کرائم برانچ نے کلش سمیت ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر اتر پردیش کے ہاپڑ سے چور کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کی پوچھ گچھ میں ملزم نے انکشاف کیا کہ ایک نہیں 3 کلش چوری ہوئے تھے جس میں ابھی ایک برآمد ہوا ہے۔ دیگر ملزمین اور 2 کلش کی برآمدگی کے لیے چھاپہ ماری جاری ہے۔
دراصل گزشتہ دنوں دہلی کے تاریخی لال قلعہ احاطہ کے 15 اگست پارک میں جین سماج کی مذہبی تقریب چل رہی تھی۔ اسی دوران سونے کا ایک قیمتی کلش چوری ہو گیا، جس کی قیمت تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی گئی۔ جب جانچ شروع کی گئی تو سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف دکھا کہ دھوتی پہنا ہوا ایک شخص بڑی چالاکی سے پوجا مقام تک پہنچا اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کلش کو اپنے جھولے میں ڈال کر وہاں سے فرار ہو گیا۔
چوری ہوا کلش سونے اور ہیرے سے مزین کوئی جواہرات نہیں تھا بلکہ جین سماج کے مذہبی انعقاد میں روزانہ ہونے والی پوجا کا اہم حصہ تھا۔ اس میں تقریباً 760 گرام سونا اور 150 گرام بیش قیمتی ہیرا، پنّا اور مانکیہ جڑے ہوئے تھے۔
انعقاد کمیٹی کے رکن پنیت جین نے اس چوری کو لے کر بتایا تھا کہ یہ کلش لمبے وقت سے مختلف مذہبی انوشٹھانوں میں استعمال کیا جا رہا تھا اور ہر دن پوجا پاٹھ کے دوران خاص منچ پر نصب کیا جاتا تھا۔ منچ پر صرف روایتی کپڑے پہنے خاص لوگوں کو ہی داخلہ کی اجازت ہوتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔