مہاراشٹر اور بہار میں دردناک سڑک حادثہ، مجموعی طور پر 11 لوگوں کی موت
مہاراشٹر پولیس نے ہفتہ کے روز مطلع کیا کہ نندوربار ضلع میں ایک گاڑی چندشالی گھاٹ پر ایک کھائی میں گر گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں علاج کے لیے بھیجا گیا۔

مہاراشٹر اور بہار میں مختلف سڑک حادثوں میں کم از کم 11 افراد کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ مہاراشٹر میں جہاں 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے، وہیں بہار میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دونوں مقامات پر حادثات میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
مہاراشٹر میں یہ حادثہ نندوربار ضلع میں ہوا، جب ایک گاڑی چندشالی گھاٹ پر ایک کھائی میں گر گئی۔ مہاراشٹر پولیس نے ہفتہ کے روز حادثہ کی جانکاری دی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں علاج کے لیے بھیجا گیا۔ یہ حادثہ شہادا پولیس تھانہ حلقہ میں پیش آیا۔ جانکاری کے مطابق سبھی استمبا دیوی کے مندر میں دَرشن کر کے لوٹ رہے تھے۔ مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہیں۔ گاڑی میں سوار سبھی لوگ استمبا دیوی کے دَرشن کے لیے گئے تھے۔ واپسی کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور نے اونچائی کی طرف بڑھتے ہوئے راستے پر اچانک اپنا کنٹرول گنوا دیا جس سے گاڑی کھائی میں گر گئی۔ پولیس کے مطابق یہ کھائی بہت گہری تھی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی میں سوار لوگ اس میں سے نکل نکل کر باہر گر پڑے۔ گاڑی بھی بری طرح ٹوٹ پھوٹ گئی۔ اس خوفناک حادثہ کی خبر ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچی۔ زخمیوں کو فوراً تلودا سَب ڈسٹرکٹ ہاسپیٹل میں داخل کرایا گیا۔ سنگین طور پر زخمی ہوئے لوگوں کو ضلع اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔
دوسری طرف بہار کے سپور ضلع میں این ایچ-327 پر خوفناک حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے 3 لوگوں کی موت ہو گئی۔ متاثرہ کنبہ جولہنیاں سے چھٹھ کا بھوج کھا کر لوٹ رہا تھا، تبھی ان کی اسکارپیو کار بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔ حادثہ کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے 4 لوگوں کی جان بچا لی، لیکن 3 لوگوں کی موت ہو گئی۔
حادثہ جمعہ کی دیر شب تقریباً 11 بجے کا بتایا جا رہا ہے۔ اسکارپیو گاڑی میں سوار ہو کر ایک ہی کنبہ کے 7 لوگ چھٹھ کا بھوج کھا کر اپنے گھر لوٹ رہے تھے، جو کہ سہرسہ ضلع کے نوہٹہ تھانہ کے وارڈ نمبر 9 کے رہنے والے تھے۔ راستہ میں ہی صدر تھانہ حلقہ کے تھلہا کے پاس پُل پر کار بے قابو ہوا اور سڑک کنارے موجود ریلنگ کو توڑتے ہوئے نیچے نہر میں جا گری۔ گیٹ لاک ہونے کے سبب شوہر، بیوی اور ان کی بیٹی کی موت ہو گئی۔ مہلوکین کی شناخت صوفیہ پروین، انتخاب اور ساجدہ خاتون کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے گاڑی میں موجود سمیر نے بتایا کہ انتخاب گاڑی چلا رہے تھے۔ بیٹی صوفیہ ڈرائیور سیٹ کے بغل میں بیٹھی تھی۔ انتخاب کی بیوی ساجدہ خاتون اور بچے بیچ والی سیٹ پر بیٹھے تھے۔ سمیر پچھلی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا۔ اقرا کو نیند آ رہی تھی، اس لیے اسے پیچھے پکڑا رہے تھے، تبھی اسٹیئرنگ تیزی سے مڑ گیا اور یہ حادثہ سرزد ہو گیا۔ نہر میں گرتے ہی گاڑی کے سبھی گیٹ لاک ہو گئے، لیکن ڈگی کھل گئی۔ اس ڈگی سے سمیر نے 3 بچوں کی جان بچا لی۔ بعد ازاں سمیر نے فوراً حادثہ کی جانکاری گھر والوں کو دی۔ گاڑی حادثہ کا شکار ہوتے ہی موقع پر کچھ ہی دیر میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ پولیس بھی موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضہ میں لے کر معاملے کی جانچ شروع کر دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔