آگرہ میں دردناک سڑک حادثہ، تیز رفتار ٹرک کی آٹو سے ہوئی ٹکر میں 5 افراد جاں بحق، کئی دیگر زخمی

پانچوں لاشوں کو پنچ نامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں حادثہ کی وجہ ٹرک کی بہت تیز رفتار مانی جا رہی ہے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں ہفتہ کے روز ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں کم از کم 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ کھنڈولی علاقہ کے تحت نگلا چندن جلیسر روڈ پر تیز رفتار اور بے قابو کنٹینر ٹرک نے سواریوں سے بھرے 2 آٹو کو زوردار ٹکر مار دی۔ اس دل دہلا دینے والے حادثہ میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ نصف درجن سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ کے بعد جائے وقوع پر افراتفری مچ گئی اور مقامی لوگ مدد کے لیے دوڑ پڑے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق دونوں آٹو میں سوار مسافر جگن ناتھ پوری کے دَرشن کر کے واپس اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے کہ سامنے سے آنے والے ایک باڈی بند کنٹینر (جو کولکاتا سامان لے جا رہا تھا) نے انہیں اپنی زد میں لے لیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ آٹو کے پرخچے اُڑ گئے اور موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ حادثہ کے بعد بڑی تعداد میں مقامی لوگ جمع ہو گئے۔ مشتعل ہجوم نے کنٹینر ڈرائیور کو پکڑ کر اس کی پٹائی بھی کر دی۔


اطلاع ملتے ہی پولیس فورس موقع پر پہنچی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔ پولیس کے اعلیٰ افسران ایڈیشنل کمشنر رام بدن سنگھ، ایڈیشنل پولیس ڈپٹی کمشنر آدتیہ سنگھ، اے سی پی دیویش سنگھ، ایس ڈی ایم سُمت سنگھ اور ایم ایل اے ڈاکٹر دھرم پال سنگھ بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور موقع کا معائنہ کیا۔ پولیس اور انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن چلا کر زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا، جہاں ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔

پانچوں لاشوں کا پنچ نامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ابتدائی جانچ میں حادثے کی بڑی وجہ کنٹینر کی حد سے زیادہ رفتار بتائی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل کمشنر رام بدن سنگھ نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ کنٹینر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور معاملے کی تفصیلی جانچ جاری ہے۔ واقعہ کے بعد سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔