کیلیفورنیا میں آیا زوردار زلزلہ، ریکٹر پیمانے پر 7 کی شدت درج، سونامی کی وارننگ جاری
امریکی زلزلہ پیما مرکز کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ زلزلہ کی زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے، اس کا مرکز کیلیفورنیا کے جنوب مغرب میں تھا۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں زوردار زلزلہ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکٹر پیمانہ پر زلزلہ کی شدت 7 درج کی گئی ہے اور اس کے جھٹکے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلہ کے بعد آنے والے جھٹکوں کا سلسلہ بھی جاری بتایا جا رہا ہے، جس سے لوگوں میں زبردست خوف کا عالم ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے ذریعہ جاری بیان کے مطابق زلزلے کی زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کیلیفورنیا کے جنوب مغرب میں تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے زلزلے کے ساتھ کیلیفورنیا اور جنوبی اوریگون کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی، حالانکہ بعد میں یہ وارننگ کینسل کردی گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ سونامی کی وارننگ کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی، جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام جزوی طور پر معطل ہو گیا، جس کے باعث 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔
کیلیفورنیا کے سینیٹر مائیک مک گوائیر نے اس سلسلہ سے متعلق بتایا کہ ایمرجنسی آپریشن کیلئے ریسکیو ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا ہے جو ہمبولڈٹ اور ڈیل نور کاؤنٹی کے متاثرہ علاقوں میں مقامی ریسکیو اہلکاروں کے ہمراہ امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ امریکی پاور آؤٹریج ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق کیلیفورنیا کے ساحلی علاقے میں زلزلے کے بعد 99 ہزار صارفین میں سے 10 فیصد افراد بجلی سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات یا اموات سے متعلق تاحال ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔ اب تک اس زلزلہ سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسوم نے بتایا کہ ریاستی ایمرجنسی حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں، اور ریاستی سطح پر امدادی سرگرمیوں کیلئے آپریشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔