ہوائی سفر کے دوران پیش آیا عجیب و غریب واقعہ، ٹوائلٹ میں پھنسا رہ گیا مسافر! اسپائس جیٹ کی معذرت

ڈیڑھ گھنٹے سے زائد کے اپنے سفر کے دوران مسافر نے اپنا زیادہ تر وقت ٹوائلٹ میں ہی گزارا۔ اس واقعے کے بعد اسپائس جیٹ نے اس مسافر سے معافی مانگی ہے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>

علامتی تصویر

user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ممبئی سے بنگلورو جانے والی اسپائس جیٹ پرواز میں اس وقت عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب ایک مسافر بیت الخلا (ٹوائلٹ) میں پھنسا رہ گیا۔ ڈیڑھ گھنٹے سے زائد کے اپنے سفر کے دوران مسافر نے اپنا زیادہ تر وقت بیت الخلا میں ہی گزارا اور وہ طیارے کی لینڈنگ کے بعد ہی باہر نکل سکا۔ اس واقعے کے بعد اسپائس جیٹ نے مسافر سے معافی مانگی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ مسافر 16 جنوری کو ممبئی سے بنگلورو جانے کے لیے اسپائس جیٹ کی فلائٹ میں سوار ہوا تھا۔ فلائٹ نے جیسے ہی ممبئی سے پرواز بھری، مسافر اپنی سیٹ بیلٹ کھول کر ٹوائلٹ میں چلا گیا لیکن جب اس نے باہر نکلنے کے لیے دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو دروازہ نہیں کھلا۔ مسافر کافی دیر تک کوشش کرتا رہا لیکن دروازہ کھولنے میں ناکام رہا جس کی وجہ سے اسے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ٹوائلٹ میں ہی قید رہنا پڑا۔


کافی کوششوں کے بعد بھی جب فلائٹ کے ٹوائلٹ کا دروازہ نہیں کھلا تو مسافر نے کرو ممبران سے دروازہ کھولنے کی گہار لگائی لیکن کرو ممبران بھی دروازہ کھولنے میں ناکام رہے۔ عملہ کے ارکان نے مسافر سے اس وقت تک رکنے کے لیے کہا جب تک کہ فلائٹ لینڈ نہیں ہو گیا۔ فلائٹ کے لینڈ ہونے کے بعد ٹیکنیشن کو بلایا گیا جس نے کافی مشقت کے بعد کسی طرح ٹوائلٹ کا دروازہ کھولا۔ اس دوران مسافر ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک فلائٹ کے ٹوائلٹ میں ہی رہا۔

اس دوران پرواز کے عملہ نے بیت الخلا کے دروازے کے نیچے سے ایک نوٹ اندر کھسکایا، جس میں لکھا گیا تھا، ’’ہم دروازہ کھولنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن کھول نہیں پا رہے ہیں۔ آپ پریشان مت ہوں، چند ہی منٹوں میں فلائٹ لینڈ ہو جائے گا، تب تک آپ کموڈ کی سیٹ کو بند کر کے اس پر بیٹھ جائیں اور خود کو محفوظ رکھیں۔ لینڈنگ کے بعد فلائٹ کا دروازہ کھلتے ہی انجینئر آئے جائے گا، پریشان مت ہوں۔‘‘


اس واقعے کے بعد اسپائس جیٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایئر لائن نے اپنی صفائی میں کہا ہے کہ یہ معاملہ 16 جنوری کا ہے۔ فلائٹ کے دروازے کے قفل میں خرابی آ جانے کی وجہ سے وہ نہیں کھل سکا۔ ایئر لائن نے دعویٰ کیا ہے کہ پورے سفر کے دوران مسافر کو مدد اور ہدایات دی جاتی رہیں۔ لینڈنگ کے بعد ایک انجینئر نے ٹائلٹ کا دروازہ کھولا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔