امرناتھ یاترا ملی ٹنٹوں کے لئے ایک سافٹ ٹارگٹ: آئی جی پی کشمیر

کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ پروٹکشن کا پورا انتظام کیا جائے گا۔ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی امرناتھ یاترا خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل کو پہنچے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ امرناتھ یاترا ملی ٹنٹوں کے لئے ایک سافٹ ٹارگٹ ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا کے لئے سیکورٹی کے انتظامات اتنے فول پروف ہوں گے کہ ملی ٹنٹوں کو حملہ کرنے کا کوئی موقع ہی نہیں دیا جائے گا۔ آئی جی پی نے جمعے کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 'جنوری سے دیکھا گیا ہے کہ ملی ٹنٹ سافٹ ٹارگٹز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ سری نگر میں دو عام شہریوں پر حملہ کیا گیا۔ دکان پر کھڑے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا۔ یاترا بھی ایک سافٹ ٹارگٹ ہوتا ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'لیکن ہمارے سیکورٹی انتظامات اتنے فول پروف ہوں گے کہ ہم ان کو حملہ کرنے نہیں دیں گے۔ حملوں کی بات دور ہے ہم ان کو کمیں گاہوں میں گھس کر ماریں گے'۔ پریس کانفرنس میں موجود فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کہا کہ 'یہ کہنا غلط ہے کہ امرناتھ یاترا اس بار خطرے میں ہے اور پچھلی بار نہیں تھی۔ ہر بار ملی ٹنٹوں کی کوشش رہے گی سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کی'۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پروٹکشن کا پورا انتظام کیا جائے گا۔ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی امرناتھ یاترا خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل کو پہنچے'۔ آئی جی پی وجے کمار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر میں اب بھی انصار غزوۃ الہند کا ایک ملی ٹنٹ زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'ایسا بھی ممکن ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اس میں نئی ریکروٹمنٹ ہو یا دوسری تنظیموں سے ملی ٹنٹ اس میں شامل ہوں'۔

آئی جی پی نے کہا کہ ایک نئی حکمت عملی کے تحت مختلف تنظیموں کے ملی ٹنٹ مل کر چلتے ہیں اور حملہ انجام دیتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'جب بھی کسی جگہ چار پانچ ملی ٹنٹ مارے جاتے ہیں تو ان کا تعلق ایک ہی تنظیم سے ہونے کی بجائے مختلف تنظیموں سے ہوتا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔