نوئیڈا کے ’جل وایو وہار‘ میں اندوہناک حادثہ، زیر تعمیر دیوار گرنے سے 4 افراد ہلاک، کئی لوگ ملبے میں دبے

نوئیڈا کے سیکٹر 21 میں جل وایو وہار کی باؤنڈری وال تقریباً 25 سال پرانی ہے اور اس کی مرمت کا کام جاری تھا، اس دیوار کے گر جانے سے ہونے والے حادثہ کے نتیجہ میں 4 افراد کی جان چلی گئی

تصویر ٹوئٹر / @ANI
تصویر ٹوئٹر / @ANI
user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا: قومی راجدھانی سے ملحقہ نوئیڈا میں اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ سیکٹر 21 میں واقع جل وایو وہار میں چار دیواری منہدم ہونے کے سبب 4 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد افراد کے ملبہ میں دب جانے کی بھی اطلاع ہے۔ جائے حادثہ پر راحت رسانی کرتے ہوئے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کی کوشش کی گئی۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک آپریشن کے لیے پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر سرگرم عمل تھی اور مقامی لوگ بھی ان کی مدد کر رہے تھے۔

اے این آئی کے ٹوئٹ کے مطابق دیوار گرنے سے چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 9 افراد کو علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں ملبہ میں لوگوں کی تلاش کے لئے مہم چلا رہی ہیں۔ نوئیڈا کے کمشنر آف پولیس آلوک سنگھ نے کہا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


دریں اثنا، نوئیڈا کے ضلع مجسٹریٹ ایل وائی سہاس نے کہا ’’ہمیں اطلاع ملی ہے کہ ضلع اسپتال اور کیلاش استپال میں دو دو افراد کی موت ہوئی ہے، جس کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی تعداد معلوم کی جا رہی ہے۔‘‘

رپورٹ کے مطابق جل وایو وہار کی چاردیواری تقریباً 25 سال پرانی تھی اور اس کی حالت خستہ ہو چکی تھی، لہذا اسے از سر نو تعمیر کیا جا رہا تھا۔ منگل کی صبح جیسے ہی کام شروع کیا گیا یہ دیوار بھربھرا کر گئی۔ دیوار کے ملبہ میں کئی کارکن دب گئے، جن کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے اور امدادی کام شروع کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */