اداکار سونو سود کی مدد سے دربھنگہ پہنچی حاملہ خاتون نے بچے کا نام رکھا ’سونو سود‘

بالی ووڈ اداکار سونو سود مہاجر مزدوروں کو گھر پہنچانے کے لیے خصوصی بس چلا رہے ہیں اور اسی کے ذریعہ ایک حاملہ خاتون ممبئی سے اپنے گھر دربھنگہ پہنچی۔ وہاں اس نے ایک بچے کو جنم دیا جس کانام سونو سود رکھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ میں اپنی بہترین اداکاری کے لیے مشہور اور عموماً ویلن کا کردار نبھانے والے معروف اداکار سونو سود اصل زندگی میں ایک ہیرو کی طرح لوگوں کی مدد کر رہے ہیں اور مدد بھی ایسی کہ انسان زندگی بھر یاد رکھے۔ دراصل گزشتہ کچھ دنوں سے سونو سود ممبئی میں پریشان حال مہاجر مزدوروں کو ان کی آبائی ریاست پہنچانے کے لیے مفت بس سروس دے رہے ہیں۔ اسی طرح سونو سود کی مدد سے بذریعہ بس ممبئی سے بہار کے دربھنگہ پہنچنے والی ایک حاملہ خاتون مزدور نے ان کے لیے خوب دعائیں کیں اور اب جب کہ اس نے اپنے بچے کو جنم دیا ہے تو اس کا نام سونو سود رکھا ہے تاکہ زندگی بھر وہ سونو سود کے احسان کو یاد رکھ سکیں۔

بتایا جاتا ہے کہ حاملہ خاتون کو ممبئی سے دربھنگہ جانا تھا اور وہ کافی پریشان تھی کیونکہ کافی کوششوں کے بعد بھی جانے کا کوئی راستہ نہیں نکل پا رہا تھا۔ ایسے مشکل وقت میں سونوسود نے اس عورت کی مدد کی۔ سونو سود کی کوششوں اور مدد سے یہ خاتون اپنے آبائی گاؤں پہنچی اوروہاں جاکر اس کے بچے کی ولادت ہوئی۔ جب بچے کا نام رکھنے کی باری آئی تو خاتون نے کہا کہ وہ سونو سود کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی اس لیے بچے کانام سونو سود رکھے گی۔


واضح رہے کہ سونو سود مہاجر مزدوروں کو نہ صرف گھر پہنچا رہے ہیں بلکہ راستے میں ان کے کھانے پینے کا انتظام بھی کررہے ہیں۔ ان کی بس مہاجر مزدوروں کو ان کی ریاست میں گھر دروازے تک چھوڑ کر آتی ہے۔سونو سود نے جس انداز میں ہر کسی کی مدد کی ہے اسے دیکھ کر ان کی بہت تعریف ہو رہی ہے۔

اس درمیان سونوسود نے اڑیسہ کے 167 مزدوروں کو آج جہاز سے کوچی سے بھونیشور پہنچایا۔ ان مزدوروں میں 147مرد اور20خواتین ہیں۔وہ کوچی میں کپڑا سلائی کرنے والی ایک فیکٹری میں کا کرتے تھے۔سونو سود نے ایئر ایشیا طیارہ میں ان مزدوروں کے جانے کا انتظام کیا تھا۔یہ طیارہ آج کوچی سے بھونیشور پہنچا۔ان میں بیشتر مزدوروں کے لئے یہ پہلا ہوائی سفر تھا۔ایئر ایشیا نے سونو سود کے مشن کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔اس سلسلے میں سونو سود نے کہا کہ جب انہوں نے مہاجر مزدوروں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا تو ان کے ذہن میں ایک ہی بات تھی کہ وہ کیسے انھیں ان کے اہل خانہ سے ملوا سکتے ہیں اور گھر پہنچا سکتے ہیں۔


بھونیشور پہنچنے والے مزدوروں میں سے ایک پرشانت نے کہا کہ "ہم تہہ دل سے سونو سود کا شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے ہمیں گھر پہنچانے کا انتظام کیا۔ان کی تعریف کے لئے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ہم کئی ماہ سے اپنے اہل خانہ سے نہیں ملے تھے۔ہماری خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے۔"

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 May 2020, 9:50 PM