کہاں تھا چوکیدار، وزارتِ دفاع سے کیسے چوری ہو گئے رافیل کے دستاویز

اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ وزارت دفاع سے کچھ دستاویزات چوری ہو گئے ہیں جس نے حزب اختلاف کو نیا ہتھیار دے دیا ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

رافیل معاملہ پر سپریم کورٹ میں سنوائی کے دوران ایک نیا دھماکہ اس وقت ہوا جب اٹارنی جنرل کے کے ونیو گوپال نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ وزارت دفاع سے کسی نے کچھ دستاویزات چوری کر لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت حساس معاملہ ہے کیونکہ اس سے ملک کی سلامتی سیدھی جڑی ہوئی ہے، حکومت اس سے نمٹ رہی ہے۔ واضح رہے حزب اختلاف رافیل معاملہ پر وزیر اعظم کو پہلے ہی اپنی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ چوکیدار چوکس نہیں ہے۔ اب ان کی جانب سے یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ چوکیدار کہا ں تھا کہ رافیل سے جڑے دستاویزات چوری ہو گئے۔

اٹارنی جنرل وینو گوپال نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ عرضی گزار پرشانت بھوشن اور دیگر لوگ چوری ہوئے دستاویزات پر بھروسہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع سے چوری ہوئے دستاویزات کا معاملہ انتہائی اہم ہے، ان لوگوں کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سنوائی کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ اس معاملہ میں کسی نئے دستاویز پر سنوائی نہیں کرے گا۔ سنوائی شروع ہوتے ہی وکیل پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ میں نئے دستاویزات پیش کیے جس پر سپریم کورٹ نے سنوائی کرنے سے انکار کر دیا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے پوچھا جب انہیں پتہ چلا کہ رافیل سے جڑے کچھ دستاویزات چوری ہو گئے ہیں تو حکومت نے اس پر کیا کارروائی کی ہے۔

کانگریس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت کی چوری پکڑی گئی ہے، اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ اس میں فرانس کی کمپنی اور انل امبانی کو فائدہ پہنچانے کے لئے ہی ان جہازوں کی قیمت بڑھائی گئی اور ان کی تعداد گھٹائی گئی ہے۔ واضح رہے سپریم کورٹ نے گزشتہ دسمبر میں رافیل معاملہ پر مودی حکومت کو ایک طرح سے کلین چٹ دی تھی لیکن پھر حکومت نے سی اے جی اور پی اے سی کے حوالہ سے جو ذکر کیا تھا اس کوصحیح کرنے کے لئے ریویو پٹیشن داخل کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ٹائپنگ میں غلطی کی وجہ سے پورے دستاویز کا مفہوم بدل گیا تھا اس لئے اس کی وضاحت کر دی جائے۔ خبر یہ بھی ہے کہ دستاویزات چوری ہونے کی وجہ سے اخبار ’دی ہندو‘ اور پرشانت بھوشن کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ’اس کا مطلب مودی جی نے چوری کی ہے، اب سارے کاغذ غائب کر دیئے، اگر چوری نہیں کی ہوتی تو کاغذ غائب کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ ایسا وزیر اعظم ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے جو فوج سے متعلق کاغذ ہی غائب کروا دے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Mar 2019, 3:10 PM