مہاراشٹر کے رائے گڑھ میں خوفناک حادثہ، کار کھائی میں گرنے سے 6 لوگوں کی موت

پولیس نے بتایا کہ نوجوانوں کے موبائل فون کی لوکیشن تمہنی گھاٹ پر ملی اور مانگاؤں تھانہ کے ملازمین نے جمعرات کی صبح تلاشی مہم شروع کی۔ ڈرون سے پتہ چلا کہ ایک گاڑی وادی میں درخت سے اٹکی ہوئی تھی۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں پکنک منانے نکلے 6 نوجوانوں کی اس وقت موت ہو گئی، جب ان کی ایس یو وی تمہنی گھاٹ پر 400 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ پولیس نے جمعرات کو اس سلسلے میں جانکاری دی۔ ایک افسر نے بتایا کہ حادثہ منگل کی علی الصبح ہوئی تھی، لیکن پولیس کو اس کی جانکاری جمعرات کی صبح ملی۔ انھوں نے کہا کہ ڈرون کیمرے کی مدد سے حادثہ زدہ گاڑی کا پتہ لگایا گیا۔

اس سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کی عمر 18 سال سے 22 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ یہ سبھی پیر کی دیر شام ایک تھار ایس یو وی میں پونے سے روانہ ہوئے تھے۔ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح سے رابطہ نہ ہونے پر کچھ نوجوانوں کے والدین نے پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ نوجوانوں کے موبائل فون کی لوکیشن تمہنی گھاٹ پر ملی اور مانگاؤں تھانہ کے ملازمین نے جمعرات کی صبح تلاشی مہم شروع کی۔


پولیس کے مطابق سڑک پر ایک موڑ کے قریب سیکورٹی ریلنگ ٹوٹی ہوئی نظر آئی۔ اس کے بعد ایک ڈرون کی مدد سے پتہ چلا کہ ایس یو وی وادی میں ایک درخت سے اٹکی ہوئی تھی۔ افسر نے مزید بتایا کہ کوئی عینی شاہد نہیں ہے، لیکن اندیشہ ہے کہ ڈرائیور کا کنٹرول گاڑی سے ختم ہو گیا جس سے حادثہ سرزد ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ رائے گڑھ پولیس اور مقامی لوگوں نے جمعرات کی دوپہر بعد لاش برآمد کی۔ مہلوکین کی شناخت بھی ہو گئی ہے۔ افسر نے بتایاکہ لاشوں کو سرکاری اسپتال بھجوا دیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے سپرد کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔