’شیر صبر کرتا ہے، جلد بازی نہیں کرتا‘، او بی سی کانگریس کی میٹنگ میں راہل گاندھی نے پارٹی لیڈران کو دیا پیغام

او بی سی کانگریس کے قومی صدر انل جئے ہند کے مطابق 7 ریاستوں کے تقریباً 300 ضلعی صدور نے راہل گاندھی کے سامنے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اور او بی سی سے متعلق معاملات رکھے۔

<div class="paragraphs"><p>میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی</p></div>
i

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے او بی سی کانگریس کے زیر اہتمام منعقد میٹنگ میں کچھ اہم باتیں پارٹی لیڈران کے سامنے رکھی ہیں۔ 19 اگست کو سات ریاستوں کے تقریباً 300 ضلعی صدور کے ساتھ انھوں نے ایک اہم میٹنگ کی، جس میں اتر پردیش، پنجاب اور اتراکھنڈ جیسی انتخابی ریاستوں کے علاوہ دہلی، راجستھان اور ہریانہ کے او بی سی کانگریس کے ضلعی صدور بھی شامل ہوئے۔ میٹنگ میں او بی سی کانگریس کے قومی صدر انل جئے ہند بھی موجود تھے۔

’اے بی پی لائیو‘ پر شائع ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ میٹنگ کے دوران راہل گاندھی نے ذات پر مبنی مردم شماری میں او بی سی کالم نہ ہونے کو لے کر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی دل سے ذات پر مبنی مردم شماری نہیں چاہتی۔ اسی لیے مردم شماری میں او بی سی کالم ہٹا دیا گیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ راہل گاندھی نے میٹنگ میں کہا کہ ’’شیر صبر کرتا ہے، جلد بازی نہیں کرتا۔ مجھے کوئی جلد بازی نہیں ہے۔‘‘


میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ 15 اگست کی تقریر میں وزیر اعظم مودی خوفزدہ نظر آ رہے تھے اور ان کی زبان لڑکھڑا رہی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم کے پاس اب گنے چنے دن باقی ہیں، وہ جلد جانے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے او بی سی لیڈران سے خصوصاً ذات پر مبنی مردم شماری معاملہ کو عوام کے درمیان لے جانے اور تحریک کھڑی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنا ہوگا اور او بی سی کے حقوق کے معاملہ کو مضبوطی سے اٹھانا ہوگا۔

’شیر صبر کرتا ہے، جلد بازی نہیں کرتا‘، او بی سی کانگریس کی میٹنگ میں راہل گاندھی نے پارٹی لیڈران کو دیا پیغام

میٹنگ میں راہل گاندھی نے طلبا کی تحریک کا بھی ذکر کیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ طلبا کی تحریک کے درمیان ذات پر مبنی مردم شماری کا معاملہ بھی اٹھایا جا رہا ہے، تاکہ لوگ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا سکیں۔ راہل گاندھی نے او بی سی لیڈران کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ہماری عوام ببر شیر ہے۔ وہ ہرن کو تلاش کر رہی ہے۔ تمام ہرن چھپ گئے ہیں، کچھ پارلیمنٹ میں چھپ گئے تھے۔


راہل گاندھی کے ساتھ میٹنگ کے بعد او بی سی کانگریس کے قومی صدر انل جئے ہند نے ایک میڈیا ادارہ سے بات چیت میں میٹنگ کو انتہائی بامعنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں ’مردم شماری 2027‘ میں او بی سی کالم نہ ہونے کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انل جئے ہند کے مطابق 7 ریاستوں کے تقریباً 300 ضلعی صدور نے راہل گاندھی کے سامنے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اور او بی سی سے متعلق معاملات رکھے۔ راہل گاندھی نے تمام ضلعی صدور کو ہدایت دی کہ وہ زمینی سطح پر جائیں اور او بی سی کے مسائل عوام کے درمیان اٹھائیں۔ جئے ہند نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کی کوشش سماجی انصاف کو مضبوط کرنا ہے اور پارٹی کا واضح موقف ’جس کی جتنی آبادی، اس کی اتنی شراکت داری‘ ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔