’سیکورٹی میں کوتاہی معاملہ کی جانچ اعلیٰ سطحی کمیٹی کرے گی‘، اوم برلا نے اراکین پارلیمنٹ کو لکھا خط

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اراکین پارلیمنٹ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انھوں نے لوک سبھا کی سیکورٹی میں سیندھ لگائے جانے سے متعلق معاملہ کی جانچ اعلیٰ سطحی کمیٹی سے کرائے جانے کی بات کہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا اسپیکر اوم برلا / آئی اے این ایس</p></div>

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا کی سیکورٹی میں سیندھ لگنے کا معاملہ لگاتار سرخیوں میں ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ ہونے کے سبب کارروائی بھی لگاتار رخنہ انداز ہو رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ میں بیان دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن برسراقتدار طبقہ اس معاملے میں ایوان میں کچھ بھی نہیں کہہ رہا۔ اس درمیان لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اراکین پارلیمنٹ کو خط لکھ کر مطلع کیا ہے کہ سیکورٹی میں کوتاہی معاملہ کی جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

خط میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ہنگامہ کے سبب متاثر دونوں ایوانوں کی کارروائی پر فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ ایوان کو بہتر انداز میں چلانے میں تعاون کرنا ضروری ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ پارلیمنٹ احاطہ کی سیکورٹی کے لیے انھوں نے خود ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی پورے پارلیمنٹ کمپلیکس کی حفاظت سے منسلک الگ الگ پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ انھوں نے بھروسہ دلایا کہ کمیٹی ایک مضبوط منصوبہ تیار کرے گی جس سے مستقبل میں ایسے واقعات دہرائے نہ جا سکیں۔


واضح رہے کہ گزشتہ 13 دسمبر کو پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے کی 22ویں برسی تھی۔ اسی دن دوپہر تقریباً ایک بجے دو افراد وزیٹرس گیلری سے اچانک لوک سبھا میں کود پڑے۔ اس معاملے میں کرناٹک سے منتخب بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ سمہا کا نام سرخیوں میں ہے۔ دراصل وزیٹر پاس پرتاپ سمہا نے ہی جاری کروایا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں لگاتار پرتاپ سمہا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔