ممبئی کے شاپنگ مال میں شدید آگ لگنے کا واقعہ، ملحقہ عمارت سے 3500 افراد محفوظ نکالے گئے

ممبئی کے ناگپاڑا علاقہ میں واقع ایک شاپنگ کمپلیکس میں شدید آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے، مال سے ملحقہ عمارت سے کم از کم 3500 لوگوں کو محفوظ نکالا گیا ہے، آگ بجانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ممبئی کے ایک شاپنگ مال میں جمعرات کی رات خوفناک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جسے جمعہ کی صبح تک بجھانے کی کوشش جاری ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ناگپاڑا میں ایک شاپنگ کمپلیکس میں آگ لگی ہے اور اب تک اس سے متصل عمارت سے کم از کم 3500 افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ آگ بجھانے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔

آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس عمارت کے برابر میں ایک 55 منزلہ عمارت منسلک ہے، جہاں سے کم از کم 3500 افراد کو بحفاظت نکال کر ایک میدان میں منتقل کر دیا گیا ہے۔


خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے بتایا ہے کہ وسطی ممبئی کے ناگپاڑا کے اس سٹی سنٹر مال میں لگی آگ بجھانے کے دوران دو فائر ورکرز زخمی ہوگئے۔ اس آگ کو لیول 5 یعنی کہ شدید آگ قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی 24 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں، جبکہ 250 ملازمین ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ ممبئی کے چیف فائر آفیسر ششی انت کالے بھی مستقل طور پر جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ جمعرات کی رات ممبئی کے میئر کشوری پیڈنیکر اور دیگر عہدیدار موقع کا جائزہ لینے آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔