راجدھانی میں ماسک نہیں لگانے پر 500 روپے کا جرمانہ، دہلی حکومت کا حکم جاری

قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر دہلی حکومت نے ماسک کے حوالہ سے باضابطہ حکم جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ماسک نہیں لگانے والوں سے 500 روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا

ماسک کی علامتی تصویر / Getty Images
ماسک کی علامتی تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر دہلی حکومت نے ماسک کے حوالہ سے باضابطہ حکم جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ماسک نہیں لگانے والوں سے 500 روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ تاہم نجی کار میں سفر کر رہے لوگوں کو اس اصول سے استثنیٰ رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ دہلی میں جمعرات کے روز کورونا کے 975 معاملے درج کئے گئے، جو ملک میں درج ہونے والے مجموعی کیسز کا 45 فیصد کے قریب ہیں۔

قبل ازیں، دہلی میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ کے پیش نظر دہلی آفت انتظام اتھارٹی نے بدھ کے روز اجلاس کا انعقاد کیا، اس دوران کئی احتیاطی اقدامات اٹھانے کی سفارش کی گئی۔ اس میں ماسک کو لازمی قرار دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ادھر، یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کورونا کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر لکھنؤ اور این سی آر کے اضلاع میں ماسک لگانے کے اصول کو موثر طریقہ سے نافذ کرنے کی ہدایت دی تھی۔


دہلی میں بدھ کے روز کورونا کے 1009 نئے معاملے درج کئے گئے تھے، جو ایک روز قبل درج ہونے والے کیسز کے مقابلہ میں 60 فیصد زیادہ تھے۔ جبکہ انفیکشن کے باعث ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔ یہ 10 فروری کے بعد سے دہلی میں درج ہونے والے معاملوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ دہلی میں 10 فروری کو کورونا کے 1104 معاملے درج کئے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔