راجستھان میں جن آکروش یاترا معطل کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی بی جے پی نے لیا ’یو ٹرن‘

ستیش پونیا نے کہا کہ جن آکروش یاترا کو لے کر کچھ ابہام تھا جسے اب دور کر دیا گیا ہے اور جن آکروش کی میٹنگیں شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جے پور: بھارتیہ جنتا پارٹی راجستھان میں ’جن آکروش یاترا‘ کر رہی ہے، جس کے حوالہ سے کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے یاترا کو معطل کیا جا رہا ہے، تاہم اس معاملہ پر بی جے پی نے یو ٹرن لے لیا ہے اور کہا ہے کہ یاترا جاری رہے گی۔ ریاستی صدر ستیش پونیا نے جمعرات کو کہا کہ ریاستی حکومت کے خلاف پارٹی کی جن آکروش یاترا جاری رہے گی۔

اس سے ایک دن پہلے پونیا نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا ’’پارٹی کی جن آکروش یاترا کووڈ کی عام احتیاطی تدابیر اور ہدایات کے پیش نظر عوامی مفاد میں اگلی آئندہ وقت تک ملتوی کر دی گئی ہے۔‘‘ پونیا نے شام کو ہی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے یو ٹرن لے لیا۔


انہوں نے کہا ’’اب چونکہ جن آکروش میٹنگیں ہونے والی ہیں جو 41 اسمبلی حلقوں میں مکمل ہو چکی ہیں۔ چونکہ مرکز اور ریاستوں کی مشاورت ابھی تک جاری نہیں ہوئی ہے، اس لیے یاترا کو ملتوی کرنے پر کچھ تذبذب تھا لیکن ہمارے جو جلسے ہونے ہیں، میں درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے طے شدہ اوقات میں ہی منعقد ہوں گے۔‘‘

انہوں نے کہا ’’کچھ خدشات تھے، جنہیں ہمارے ضلعی صدر اور پارٹی عہدیداروں کو دور کر لینا چاہیے۔ ہمارے جن آکروش کے جلسے طے شدہ وقت پر منعقد ہوں گے۔ ضروری ہے کہ ہم کورونا پروٹوکول کا خیال رکھیں اور اس پر عمل کریں۔ اور اس تناظر میں ہمیں ان اجتماعات کو اسی طرح جاری رکھنا ہے جب تک مرکز اور ریاست کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کرتے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔