پنجاب میں 200 روپئے سے کروڑ پتی بن گیا مزدور کا خاندان، لاٹری سے جیتے 1.5 کروڑ روپئے

رام سنگھ نے بتایا کہ صادق کی دکان سے انہوں نے ٹکٹ خریدا تھا۔ اس جوڑے کے حالات اتنے خراب تھے کہ ان کے پاس موبائل فون تک نہیں تھا۔ دکاندار کو خود ان کے گھر جا کر بتانا پڑا کہ ان کے نمبر پر لاٹری لگی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 پنجاب کے فرید کوٹ میں کھیتی باڑی اور مزدوری کر کے اپنے خاندان کی کفالت کرنے والی نصیب کور پل بھر میں کروڑ پتی بن گئی ہے۔ خاتون نے 1.5 کروڑ روپئے کی لاٹری جیتی ہے جو مالی تنگی میں زندگی گزارنے والے اس خاندان کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

اطلاع کے مطابق نصیب کور کے شوہر رام سنگھ پچھلے 4 سالوں سے لاٹری ٹکٹ خرید رہے تھے۔ وہ ہمیشہ اپنے نام سے ٹکٹ خریدتے تھے، لیکن اس بار انہوں نے اپنی اہلیہ کے نام پر 200 روپے کا ٹکٹ خریدا۔ قسمت کا کھیل دیکھئے، اس بار وہی ٹکٹ کروڑوں کا نکل آیا۔ رام سنگھ نے بتایا کہ انہیں ہمیشہ امید رہتی تھی کہ ایک نہ ایک دن قسمت ضرور ان کا ساتھ دے گی۔


لاٹری جیتنے سے پہلے یہ خاندان انتہائی غربت میں زندگی گزار رہا تھا۔ دونوں میاں بیوی کھیتوں میں مزدوری کر کے اپنا گھر چلاتے تھے۔ ان کے حالات اتنے خراب تھے کہ ان کے پاس موبائل فون تک نہیں تھا۔ اطلاع ملتے ہی دکاندار کو خود ان کے گھر جا کر بتانا پڑا کہ ان کے نمبر پر لاٹری لگی ہے۔ رام سنگھ نے بتایا کہ صادق کی دکان سے انہوں نے ٹکٹ خریدا تھا۔ دکاندار نے کئی بار ان سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن موبائل فون نہ ہونے کی وجہ سے رابطہ نہ ہو سکا۔ آخر کار جب لاٹری کا ریزلٹ آیا تو وہ ذاتی طور پران کے گھر پہنچا اور خوشخبری سنائی۔

بتایا جاتا ہے کہ نصیب کور اور ان کے شوہر رام سنگھ نے اپنی زندگی میں پہلی بار چنڈی گڑھ کا سفر کیا، جہاں انہوں نے لاٹری جیتنے کے بعد ضروری کاغذی کارروائی مکمل کی۔ یہ جوڑا انتہائی سادہ زندگی گزارتا ہے اور بڑے شہروں میں جانے کا تجربہ بھی ان کے پاس نہیں تھا۔ اس کے باوجود وہ امید کے ساتھ چنڈی گڑھ پہنچے اور جب انہیں اصل سرٹیفکیٹ مل گیا تو وہ خوشی خوشی واپس لوٹ گئے۔ نصیب کور کے 4 بچے ہیں جن میں 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ یہ سبھی شادی شدہ ہیں۔ اب خاندان لاٹری کی رقم سے اپنے معیار زندگی کو بہتر کرنے کی امید کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔