جون پور میں خستہ حال گھر منہدم، چار افراد جاں بحق

مقامی افراد اور ضلعی انتظامیہ نے سات دبے افراد کو زندہ نکال کر زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا۔ عظیم اللہ (68)، سعد (12)، سنجیدہ بانو (40) اور کیف (9) حادثے میں ہلاک ہو گئے۔

لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جونپور: اترپردیش کے ضلع جونپور کے کوتوالی علاقے میں ایک خستہ حال مکان گرنے سے کم از کم چار افراد ہلاک اور سات دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے جمعہ کے روز بتایا کہ بڑی مسجد کے پیچھے محلہ روضہ ارجن میں قمرالدین اور جلال الدین کا دو منزلہ مکان تھا جو پرانا اور خستہ ہو چکا تھا۔ جمعرات کی دیر رات، گھر اچانک بھر بھرا کر ڈھہہ گیا۔ علاقائی شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی اور ملبے تلے پھنسے لوگوں کو نکالنا شروع کیا۔

مقامی افراد اور ضلعی انتظامیہ نے سات دبے افراد کو زندہ نکال کر زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا۔ عظیم اللہ (68)، سعد (12)، سنجیدہ بانو (40) اور کیف (9) حادثے میں ہلاک ہو گئے، جبکہ حرہ (10)، سنیہا (13)، ثنّو(35)، عصر الدین (19)، چاندنی (18) ایاز الدین (21) اور مصباح (18) کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔


ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ منیش کمار ورما، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اجے ساہنی، پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچے اور راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں آدھی رات کے بعد بھی جاری رہیں کیونکہ رات میں کئی لوگ دبے ہوئے تھے۔ تمام ریسکیو آپریشن انتظامی افسران کی نگرانی میں چلایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔