انڈیگو طیارہ کے ’وِنڈ شیلڈ‘ میں آیا شگاف، ہوا میں اٹکی 76 مسافروں کی جان، پائلٹ کی سمجھداری سے بچی زندگی

جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب انڈیگو طیارہ 76 مسافروں کو لے کر مدورئی جا رہا تھا۔ اس دوران چنئی ایئرپورٹ پر اترنے سے پہلے پائلٹ کی نظر وِنڈشیلڈ میں آئے شگاف پڑی، جسے دیکھ کر پائلٹ کے ہوش اڑ گئے۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو پرواز / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

چنئی ایئرپورٹ پر ہفتہ کی صبح اس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا جب انڈیگو کے ایک طیارے کی مشکل حالات میں لینڈنگ کرائی گئی۔ اس طیارہ کے’ونڈ شیلڈ‘ میں شگاف پڑ گیا تھا، جس کو دیکھ کر پائلٹ نے متعلقہ افسران کو جانکاری دی۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے فوری طور پر پائلٹ کی سمجھ داری کی بدولت طیارے کو بحفاظت رَنوے پر اتار لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ واقعہ کے وقت طیارہ مدورائی سے چنئی واپس آ رہا تھا اور اس میں 76 مسافر سوار تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے پائلٹ کی نظر کاک پِٹ کے شیشے میں موجود شگاف پر پڑی۔ اس کے بعد پائلٹ نے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرولر کو اس کی اطلاع دی۔ پائلٹ کے انتباہ کے بعد ایئرپورٹ پر ہنگامی انتظامات کیے گئے اور طیارے کو محفوظ طریقے سے اتار لیا گیا۔ رَنوے پر طیارہ اترنے کے بعد افسران نے سکون کی سانس لی۔


بتایا جا رہا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب انڈیگو کا یہ طیارہ 76 مسافروں کو لے کر مدورائی سے چنئی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ چنئی ایئرپورٹ پر اترنے سے قبل پائلٹ نے ونڈ شیلڈ میں شگاف دیکھا تو ایک لمحہ کے لیے وہ گھبرا گیا، لیکن دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات کر لیے گئے اور طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ اس کے بعد مسافروں کو بھی طیارے سے اتارا گیا۔

ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد طیارے کی ونڈ شیلڈ تبدیل کرنے کا انتظام کیا گیا۔ تاہم یہ شگاف کیسے پڑا، اس کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس واقعہ کے بعد مدورائی کے لیے واپسی کی پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔ کافی دیر بعد انڈیگو ایئرلائن کی جانب سے بتایا گیا کہ ’’معیاری عملی طریقۂ کار (SOP) پر عمل کرتے ہوئے طیارے کو چنئی میں بحفاظت اتارا گیا، اور ضروری جانچ و منظوری کے بعد ہی اس سے دوبارہ پرواز کی جائے گی۔‘‘


دوسری جانب ہفتہ کو پونے سے دہلی جا رہی اکاسا ایئر کی پرواز کیو پی-1607 سے ایک پرندہ ٹکرا گیا۔ اس کے بعد طیارہ کو حفاظت کے ساتھ اتار لیا گیا اور تمام مسافروں اور عملہ کے ارکان کو طیارے سے نکالا گیا۔ اس واقعہ پر اکاسا ایئر کے ترجمان نے بتایا کہ انجینئرنگ ٹیم نے کمپنی کے معیاری عملی طریقۂ کار کے مطابق طیارے کا معائنہ کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔