کسانوں کے اتحاد سے بنے گی آر ایل ڈی کی حکومت: جینت

جینت چودھری نے ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں اتحاد کی حکومت آنے پر مغربی اترپردیش میں ہائی کورٹ بنچ کا قیام کیا جائے گا۔ وزیر اعظم سمان ندھی اسکیم 6 ہزار سے بڑھا کر 12ہزار کی جائے گی۔

جینت چودھری، تصویر آئی اے این ایس
جینت چودھری، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سہارنپور: مرکز کی نریندر مودی اور اترپردیش کی یوگی حکومت پر کسانوں و مزدوروں کے مفادات کی اندیکھی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آر ایل ڈی صدر جینت چودھری نے کسانوں سے متحد ہوکر 2022 کے اسمبلی انتخابات میں آر ایل ڈی اتحاد والی حکومت بنانے کی اپیل کی۔

جینت چودھری نے ہفتہ کی دوپہر سابق مرکزی وزیر رشید مسعود کے آبائی قصبہ گنگوہ میں انہیں کے بھتیجے نعمان مسعود کے ذریعہ منعقد جن آشیرواد پتھ ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں اتحاد کی حکومت آنے پر مغربی اترپردیش میں ہائی کورٹ بنچ کا قیام کیا جائے گا۔ وزیر اعظم سمان ندھی اسکیم چھ ہزار سے بڑھا کر 12ہزار روپئے کی جائے گی۔ درمیانے درجے کے کسانوں کو 15ہزار روپئے سالانہ دیئے جائیں گے۔ منریگا اسکیم گاوں کی طرح شہروں میں بھی نافذ کی جائے گی۔ پولیس میں خواتین کو 50 فیصدی ریزرویشن دیا جائے گا۔ اترپردیش میں روڈ ویز بسوں کی تعداد 75ہزار کی جائے گی۔ سرکاری اسکولوں کو کمپیوٹرائز کیا جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخاب سے قبل وہ بزرگ کسانوں کا آشیرواد لینے آئے ہیں۔ اگر کسان ذات برادری اور مذہبی دیواروں کو توڑ کر متحد ہوجاتے ہیں تو کسانوں کی وہی طاقت پھر سے اترپردیش اور ملک میں قائم ہوجائے گی جو چودھری چرن سنگھ کے زمانے میں تھی۔ اس سے قبل ادی علاقے کے تیترو میں 10 اکتوبر کو ایس پی ضلع صدر چودھری رودر حسین اور ان کے بھائی اندر حسین کے ذریعہ ایس پی صدر اکھلیش یادو کی بڑی ریلی کا انعقاد کرایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔