اسٹاک مارکیٹ میں منافع کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپئے کی دھوکہ دہی، شاطر جعلساز نوئیڈا سے گرفتار
گرفتار بنٹی اس گروہ کا رکن ہے جو لوگوں کو بھاری منافع کا وعدہ کر کے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتا تھا۔ اعتماد جیتنے کے بعد یہ لوگوں سے بڑی رقم منتقل کرواتے اور پھر فرار ہو جاتے۔

قومی راجدھانی سے ملحق اترپردیش کے نوئیڈا کی سائبر کرائم پولیس نے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کے نام پر3 کروڑ 26 لاکھ روپئے کی دھوکہ دہی کرنے والے ایک اور شاطر جرائم پیشہ کو گرفتار کیا ہے جو اسٹاک مارکیٹ میں منافع کا جھانسہ دے کر 3 کروڑ روپئے سے زیادہ کا فراڈ کرنے والے گروہ کا رکن ہے۔ اس گروہ کا نیٹ ورک اتنا وسیع ہے کہ پولیس اب تک اس معاملے میں 14 ملزمین کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے پہنچا چکی ہے۔
سائبر جرائم پیشہ کے خلاف جاری خصوصی مہم کے حصہ کے طور پر گوتم بدھ نگرکی سائبر کرائم ٹیم کو یہ بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیس نے بہار کے پورنیا کے رہنے والے بنٹی کمار کو نوئیڈا سے گرفتار کیا ہے۔ ڈی سی پی سائبر انچارج شیویا گوئل نے بتایا کہ بنٹی کماراس گینگ کا رکن ہے جو سیدھے سادھے لوگوں کو بھاری منافع کا وعدہ کرکے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتا تھا۔ لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد یہ لوگوں سے بڑی رقم منتقل کرواتے اور پھر فرار ہو جاتے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس واحد ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں دھوکہ دہی کے 60 لاکھ روپے حاصل ہوئے ہیں۔
ڈی سی پی سائبر انچارج شیویہ گوئل نے بتایا کہ این سی آر پی پورٹل پر درج شکایات اور تکنیکی نگرانی کی بنیاد پر پولیس بنٹی کمار کا سراغ لگانے میں کامیاب رہی۔ ملزم کے خلاف این ایس اے اور آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے آگے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔