نوئیڈا سے امریکہ میں فراڈ: فرضی کال سینٹر سے کروڑوں کی ٹھگی، دو خواتین سمیت 12 افراد گرفتار
نوئیڈا پولیس نے امریکہ و دیگر ممالک کے شہریوں سے آن لائن دھوکہ دہی کرنے والے فرضی کال سینٹر کا انکشاف کیا، دو خواتین سمیت 12 ملزمان گرفتار، ڈیجیٹل کرنسی اور گفٹ واؤچر برآمد

تصویر سوشل میڈیا
نوئیڈا پولیس نے ایک بڑے بین الاقوامی سائبر فراڈ ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے فرضی کال سینٹر چلانے والے گروہ کو گرفتار کیا ہے جو امریکہ سمیت دیگر غیر ملکی شہریوں کو آن لائن دھوکہ دے رہا تھا۔ پولیس نے دو خواتین سمیت 12 ملزمان کو نوئیڈا کے جے پی کوسموس سوسائٹی کے ایک فلیٹ سے گرفتار کیا، جہاں یہ فرضی کال سینٹر چلایا جا رہا تھا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 10 لیپ ٹاپ، 16 موبائل فون، 9 لیپ ٹاپ چارجر، 9 ہیڈفون، 5 کی بورڈ، 5 ماؤس، انٹرنیٹ راؤٹر اور دیگر الیکٹرانک سامان برآمد کیا ہے۔ ساتھ ہی ڈیجیٹل کرنسی (یو ایس ڈی ٹی) اور بڑی مقدار میں مختلف گفٹ واؤچر بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
ڈی سی پی نوئیڈا یمنا پرساد کے مطابق، ملزمان امریکہ کے شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔ وہ ٹیلیگرام اور اسکائپ جیسے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ان سے رابطہ کرتے اور انہیں کم سود پر قرض فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر فراڈ کرتے تھے۔ اس مقصد کے لیے وہ مختلف ذرائع سے امریکی شہریوں کا ڈیٹا خریدتے تھے۔
ملزمان ابتدائی طور پر قرض کی ’پروسیسنگ فیس‘ کے نام پر 300 امریکی ڈالر کا مطالبہ کرتے تھے۔ ادائیگی گفٹ کارڈز کے ذریعے مانگی جاتی تھی، جیسا کہ ایپل، ای بے یا وال مارٹ گفٹ کارڈز۔ بعض صورتوں میں، اگر متاثرہ شخص فوری رقم فراہم نہیں کر سکتا تھا، تو ملزمان انہیں فرضی چیک بھیجتے، جو اگر بینک سے کلیئر ہو جاتے تو اس رقم پر بھی قبضہ کر لیا جاتا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق مختلف ریاستوں سے ہے، جن میں بہار، منی پور، ناگالینڈ، گجرات اور ممبئی شامل ہیں۔ سبھی افراد انگریزی بولنے میں ماہر ہیں تاکہ غیر ملکیوں سے آسانی سے بات چیت کر سکیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ نیٹ ورک صرف نوئیڈا تک محدود نہیں بلکہ ملک کے دیگر حصوں تک بھی پھیلا ہوا ہے۔
ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ یہ گروہ کروڑوں روپے کی ٹھگیاں کر چکا ہے اور ان کے بینک کھاتوں، ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز اور دیگر ممکنہ ساتھیوں کی چھان بین جاری ہے۔ ضبط شدہ گفٹ واؤچرز اور کرپٹو ٹوکن کی مالیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
پولیس اب گرفتار ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ نیٹ ورک کے باقی افراد اور ممکنہ سرغنہ تک پہنچا جا سکے۔ اس کارروائی کو سائبر جرائم کے خلاف ایک بڑی کامیابی مانا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔