حیرت انگیز! ہندوستانی اسپتال میں کینیائی مریض کی کڈنی سے نکالا گیا 10 کلو کا ٹیومر

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ٹیومر تقریباً 40 سنٹی میٹر لمبا اور 30 سنٹی میٹر چوڑا تھا، اس ٹیومر کا سائز ایک لیپ ٹاپ کے برابر تھا جس نے مریض کے پیٹ کا پورا حصہ گھیر لیا تھا۔

ٹیومر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
ٹیومر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ایک کینیائی شخص پیٹ کے نچلے حصے میں درد سے کافی پریشان تھا۔ اسے کافی سوجن بھی تھی اور تکلیف سے نجات کا کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا تھا۔ پھر کینیائی شخص ہندوستان پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کی تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس کی کڈنی میں تقریباً 10 کلوگرام کا ٹیومر ہے۔ 59 سالہ اس کینیائی شخص کے ساتھ ایک بہت بڑا مسئلہ یہ تھا کہ وہ ایچ آئی وی پازیٹو تھا۔ ایسے مشکل حالات میں بھی ڈاکٹروں نے آپریشن کر ٹیومر کو نکالا اور اب مریض خطرے سے باہر ہے۔

یہ آپریشن دہلی کے شالیمار باغ واقع میکس سپر اسپیشلٹی ہاسپیٹل میں کیا گیا۔ سرجری کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم کی قیادت سرجیکل آنکولوجی کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ارچت پنڈت اور ایسو سی ایٹ کنسلٹنٹ ڈاکٹر ونیت گویل نے کی۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ملک میں اب تک نکالا گیا سب سے بڑا کڈنی ٹیومر ہے۔


ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں تقریباً ساڑھے آٹھ گھنٹے لگے۔ ٹیومر تقریباً 40 سنٹی میٹر لمبا اور 30 سنٹی میٹر چوڑا تھا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس ٹیومر کا سائز ایک لیپ ٹاپ کے برابر تھا جس نے مریض کے پیٹ کا پورا حصہ گھیر لیا تھا۔ چونکہ مریض ایچ آئی وی پازیٹو تھا اس لیے سرجری کے دوران کافی احتیاط برتنی پڑی تھی۔

میکس سپر اسپیشلٹی ہاسپیٹل کے ڈاکٹروں نے کینیائی مریض کی اوپن ایبڈامینل سرجری کر کے 10 کلوگرام کا یہ کڈنی ٹیومر نکالا جو دنیا کے چنندہ بڑے ٹیومر معاملوں میں سے ایک ہے۔ ایک انگریزی روزنامہ کے مطابق اس سے قبل دہلی کے ہی سر گنگا رام اسپتال میں 2017 میں 7.4 کلوگرام کا کڈنی ٹیومر نکالا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔