امروہہ میں آوارہ کتوں کی دہشت، ایک 9 سالہ بچے کو اتارا موت کے گھاٹ، دوسرے بچے کی حالت نازک

لڑکوں کے چچا دیوش چوہان نے بتایا کہ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا وہاں سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر میں کھیت میں کام کر رہا تھا۔ اچانک تقریباً 10 آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا اور بچوں کو نوچنا شروع کر دیا۔

کتوں کا حملہ، علامتی تصویر / آئی اے این ایس
کتوں کا حملہ، علامتی تصویر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

امروہہ: اتر پردیش کے امروہہ ضلع میں آوارہ کتوں نے 9 سالہ بچے کو ہلاک کر دیا، جبکہ اس کے چچازاد بھائی کو شدید زخمی کر دیا۔ آوارہ کتوں نے پیر کی شام جس وقت ان پر حملہ کیا اس وقت ششی کانت اور کرش نامی لڑکے اپنے چچا کے ساتھ کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔

دونوں لڑکوں کے چچا دیوش چوہان نے بتایا کہ ’’جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا وہاں سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر میں کھیت میں کام کر رہا تھا۔ اچانک تقریباً 10 آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا اور بچوں کو نوچنا اور گھسیٹنا شروع کر دیا۔ میں جلدی سے انہیں بچانے کے لیے بھاگا۔ ان کی مدد کے لیے شور مچانے کے بعد کچھ کسان، جو قریبی کھیت میں کام کر رہے تھے وہ بھی آ گئے۔ ہم نے کتوں کو ڈرا کر بھگا دیا۔‘‘


جب تک بچوں کو کتوں کے چنگل سے نکالا گیا، وہ شدید طور پر زخمی ہو چکے تھے۔ انہیں فوری طور پر حسن پور کمیونٹی ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ششی کانت کو مردہ قرار دے دیا۔ جبکہ کرش کو مزید علاج کے لیے لالہ لاجپت رائے میموریل میڈیکل کالج میرٹھ ریفر کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

دریں اثنا، اس واقعہ سے مقامی لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے، کیونکہ انہوں نے آوارہ کتوں کے تعلق سے کئی مرتبہ متعلقہ عہدیداروں سے شکایت کی گئی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ بعد ازاں متوفی کے لواحقین نے حسن پور میں اٹارسی روڈ بلاک کر کے حکومت سے معاوضے کا مطالبہ کیا۔ مقامی بی جے پی ایم ایل اے مہندر سنگھ کھڑگ ونشی اور حسن پور کے ایس ڈی ایم سدھیر کمار نے موقع پر پہنچ کر لواحقین کو پرسکون کیا، جس کے بعد انہوں نے دھرنا ختم کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔