کورونا انفیکشن: ہندوستان کا ایک ایسا خطرناک ’ہاٹ اسپاٹ‘ جہاں جمعرات کو ہوئیں 8 اموات

مدھیہ پردیش کا اندور ہندوستان میں کورونا کا سب سے خطرناک ‘ہاٹ اسپاٹ’ بنا ہوا ہے۔ جمعرات کو ملک میں کل 23 اموات اس وائرس انفیکشن کی وجہ سے ہوئیں جن میں 8 کا تعلق اندور سے تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے جمعرات کو کل 23 اموات ہوئیں جس کے بعد مجموعی طور پر ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 437 پہنچ گئی ہے۔ اس درمیان ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں کئی درجنوں ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سے کئی کووڈ-19 پازیٹو مریض سامنے آئے ہیں۔ ان ہاٹ اسپاٹ کو پوری طرح سے سیل کر کے انفیکشن پر قابو پانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ لیکن مدھیہ پردیش کا شہر اندور اس وقت ملک کا سب سے خطرناک ہاٹ اسپاٹ بنا ہوا ہے۔ اس شہر میں 16 اپریل کو بھی 8 اموات ہوئیں جس کے بعد اندور میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اندور میں جمعرات کی رات 2 سگے بھائیوں سمیت 8 دیگر مریضوں کی موت سے ایک دہشت کا ماحول ہے۔ قابل فکر بات یہ ہے کہ اس شہر میں لگاتار نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں اور اب تک صرف اندور میں ہی مریضوں کی مجموعی تعداد 842 پہنچ گئی ہے۔ وہیں پورے مدھیہ پردیش میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالی جائے تو یہ تعداد 1120 ہے۔ قابل غور بات یہ ہےکہ یو پی، تلنگانہ، آندھرا پردریش، کیرالہ اور کرناٹک جیسی ریاستوں میں بھی کووڈ-19 مریضوں کی تعداد اندور سے کم ہے۔


اندور میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثرات کے تعلق سے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ افسر (سی ایم ایچ او) پروین جڑیا نے بتایا کہ 52 سے لے کر 80 سال تک کی عمر کے 8 مریضوں نے شہر کے الگ الگ اسپتالوں میں گزشتہ 8 دنوں کے دوران دم توڑا۔ انھوں نے بتایا کہ کووڈ-19 سے 5 مریضوں کی موت جمعرات کو ہوئی جن میں 63 سال اور 52 سال کی عمر والے دو سگے بھائی شامل ہیں اور ان کا تعلق صرافہ بازار سے تھا۔ تین دیگر لوگوں کی جانچ رپورٹ ان کی موت کے بعد سامنے آئی جس میں وہ اس انفیکشن کی زد میں پائے گئے۔

سی ایم ایچ او نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دہلی اور اندور کی تجربہ گاہوں سے آئی جانچ رپورٹ میں ضلع کے 244 مزید لوگوں میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی۔ اس کے بعد ضلع میں اس وبا سے متاثر کل مریضوں کی تعداد بڑھ کر 842 پہنچ گئی۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جمعرات رات تک ضلع میں کووڈ-19 کے مریضوں کی شرح اموات 5.58 فیصد تھی جو قومی اوسط سے زیادہ ہے۔ کورونا وائرس کا پہلا مریض ملنے کے بعد 25 مارچ سے مقامی انتظامیہ نے اندور کے شہری حدود میں کرفیو لگا رکھا ہے، اس کے باوجود لگاتار سامنے آ رہے نئے معاملے تشویش کا باعث ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔