کورونا سے جان گنوانے والوں میں سے 75 فیصد نے ٹیکہ نہیں لگوایا، وزیر صحت دہلی ستیندر جین کا بیان

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے دعویٰ کیا ہے کہ راجدھانی میں کورونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں اور آج 25 ہزار سے کم کیسز درج ہونے کا امکان ہے، انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں 85 فیصد تک بستر خالی پرے ہوئے ہیں

ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی:دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کا کہنا ہے کہ آج راجدھانی میمں کورونا کے 25 ہزار سے کم کیسز درج ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں داخلے کم ہو رہے ہیں اور 85 فیصد تک بستر خالی پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب امید ہے کہ آہستہ آہستہ کورونا کے کیسز کم ہوں گے۔

ستیندر جین نے کہا کہ جن لوگوں کی موت ہو رہی ہے انہوں نے کورونا کا ٹیکہ نہیں لگوایا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے تقریباً 75 فیصد لوگ ایسے ہیں جنہوں نے ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں لگوائی تھی۔ ایسے کیسز بھی ہیں جن میں ایسے مریض فوت ہو رہے ہیں جو پہلے ہی کسی سنگین بیماری میں مبتلا تھے۔


خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی میں کورونا وائرس کے 28 ہزار 867 نئے معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس دوران انفیکشن کی شرح 19.21 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کے روز راجدھانی میں ہونے والی 40 اموات میں سے بیشتر وہ لوگ تھے جنہیں ویکسین نہیں لگائی گئی تھی یا وہ پہلے ہی کسی بیماری میں مبتلا تھے۔

کہا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون ڈیلٹا سے کم خطرناک ہے، ہسپتالوں میں بستر بھی خالی ہیں لیکن پھر بھی اموات کی شرح بڑھ رہی ہے۔ دہلی کی بات کریں تو یہاں جتنی اموات گزشتہ 6 مہینوں میں نہیں ہوئیں اتنی اب ہو چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔