فلپائن میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

فلپائن کے شہر مڈاناؤ میں ہفتہ (2 دسمبر) کو 7.4 شدت کا زلزلہ آیا جس کی وجہ سے سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے

زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کوالالامپور: فلپائن کے شہر مڈاناؤ میں ہفتہ (2 دسمبر) کو 7.4 شدت کا زلزلہ آیا جس کی وجہ سے سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق یہ زلزلہ رات 8 بجکر 7 منٹ پر آیا۔ اس کا مرکز زمین میں 50 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) نے اس زلزلے کی شدت 7.5 بتائی ہے اور اس کا مرکز 63 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی۔


فلپائن اور جاپان میں سونامی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ فلپائن کی سیسمولوجی ایجنسی فیولوکس نے کہا کہ سونامی کی لہریں مقامی وقت کے مطابق آدھی رات (1600 جی ایم ٹی) تک فلپائن تک پہنچ سکتی ہیں اور گھنٹوں جاری رہ سکتی ہیں۔

جاپانی نشریاتی ادارے اہم اہچ کے نے کہا کہ سونامی کی ایک میٹر (3 فٹ) اونچی لہریں جاپان کے مغربی ساحل تک تھوڑی دیر بعد - رات 1:30 بجے (ہفتہ کو 1630 جی ایم ٹی) تک پہنچ سکتی ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، گزشتہ ماہ کے اوائل میں، جنوبی فلپائن میں 6.7 شدت کے زلزلے سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 17 نومبر کو آنے والے زلزلے میں سارنگانی، جنوبی کوٹاباٹو اور داواؤ اوکسیڈینٹل کے صوبوں میں 13 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی 50 سے زائد مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔


خیال رہے کہ عام طور پر ریکٹر اسکیل پر 7 یا اس سے زیادہ کی شدت کے زلزلے کو معمول سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ فلپائن میں اس زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں ابھی اپ ڈیٹ آنا باقی ہے۔ فلپائن بحرالکاہل کے علاقے کے 'رنگ آف فائر' میں آتا ہے جہاں زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں۔ یو ایس جیولوجیکل سروے نے اس خطے کو دنیا کا سب سے زیادہ زلزلہ اور آتش فشاں فعال خطہ قرار دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔