17 ستمبر کو ہندوستان بنائے گا ریکارڈ، ایک ساتھ لگائے جائیں گے 7 لاکھ پودے!

وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر مدھیہ پردیش میں اور وزیر مملکت برائے زراعت پروشوتم روپالا مہاراشٹر کے پال گڑھ میں شجرکاری مہم کا آغاز کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: انڈین کونسل آف ایگریکلچرریسرچ(آئی سی اے آر) اور انڈین فارمرس فرٹیلائزر کوآپریٹو(افکو)کسانوں میں ماحولیات کے تئیں بیداری لانے کے لیے پورے ملک میں کل صبح پہلی بار سات لاکھ سے زیادہ پودے تقسیم کرےگا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل(فروغِ زراعت) اے کے سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ کل ملک کے تمام 714 ایگریکلچر سائنس سینٹر پر کسان گروپ کو پھلوں، جانور کا چارہ اور طبی فوائد والے ایک ہزار پودے مہیا کرائے جائیں گے۔ ان پودوں میں آم، پیپل، نیم اور برگد وغیرہ کے پودے شامل ہیں۔ انھیں کل ہی لگایا جائے گا۔

وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر مدھیہ پردیش میں اور وزیر مللکت برائے زراعت پروشوتم روپالا مہاراشٹر کے پال گڑھ میں شجرکاری مہم کا آغاز کریں گے۔ دیگر مقامات پر مقامی نمائندے اور اعلیٰ افسر ان پروگرام میں حصہ لیں گے۔ اس موقع پر ایگریکلچر سائنس مراکز میں بھی کچھ پودے لگائے جائیں گے۔ اس دوران ایگریکلچر سائنس کے مراکز پر سیمینار بھی ہوگا۔

ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ کسانوں کو ایسے پودے دیئے جائیں گے جو کئی مقاصد میں استعمال ہو سکیں۔ ان پودوں سےاچھی قسم کی لکڑی ملے، ماحولیات میں بہتری آئے اور جانوروں کو چارہ مل سکے۔ سیمینار میں کسانوں کو پودے لگانے کے فائدے، آلودگی کم کرنے میں درخت کی حصہ داری، مٹی کی قوت پیداوار بنائے رکھنے اور واٹر ہارویسٹنگ کے فائدے بتائے جائیں گے۔

ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ جلد ہی ربیع موسم شروع ہونےو الا ہے ۔ اس دوران کسانوں کو کس طرح کی فصل لگانی چاہیے جن میں پانی کا استعمال کم ہو،معلومات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی عادت ہے کہ وہ اپنے کھیت میں ضرورت سے زیادہ پانی بھردیتے ہے جس کی وجہ سے کئی بار انھیں نقصان بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وہ سینسر تیار ہو گیا جو یہ بتا سکے کہ نمی کتنی ہے ۔ اسے استعمال کرکے کسان ضرورت کے حساب سے ہی کھیتوں میں پانی دے سکتے ہیں۔اس سینسر کی قیمت بہت زیادہ نہیں ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل(فروغِ زراعت) رندھیر سنگھ نے بتایا کہ کل ہونے والے پروگرام کی پوری تیاری کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں افکو مالی مدد کے ساتھ ساتھ کسانوں کو متحد کرنے میں مدد کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔