جھارکھنڈ: گوڈا میں نامعلوم بیماری سے 7 بچوں کی موت، عوام میں خوف و دہشت

زولو، بیراگو، سارمی، سدلیر، ڈانڈو گاؤں کے کئی بچے نامعلوم بیماری سے متاثر ہیں، زولو اور بیراگو میں 14 نومبر سے 21 نومبر تک 5 بچوں کی موت ہو چکی ہے، دیگر 2 اموات ڈانڈو اور سارمی میں ہوئی ہیں۔

موت، علامتی تصویر
موت، علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ کے گوڈا ضلع واقع سندر پہاڑی بلاک کے کئی گاؤں میں بچوں میں پھیلی نامعلوم بیماری سے مقامی لوگ دہشت میں ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران اس بیماری سے 7 بچوں کی موت ہو گئی ہے۔ سبھی بچے پہاڑیا نامی قدیم قبائلی کنبوں کے بتائے جا رہے ہیں۔ بیماری کو لے کر لوگوں میں خوف کا عالم ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ضلع کے سندر پہاڑی بلاک کے کئی گاؤں میں لوگوں نے بچوں کو بخار اور درد کی شکایت کی تھی۔ بیماری پھیلنے کی جانکاری ملنے کے بعد ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر بدھ کو طبی اہلکاروں کی ایک ٹیم متاثرہ گاؤں میں پہنچی۔ بچوں کی موت کی وجہ کیا ہے، اس سلسلے میں جانچ کی جا رہی ہے۔


’وشو آدیواسی اکھل ایبھون‘ تنظیم کے سنجے کسکو کے ذریعہ ضلع انتظامیہ کو تحریری طور پر دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ بڑا سندری پنچایت کے زولو، بیراگو، سارمی، سدلیر، ڈانڈو وغیرہ گاؤں میں کئی بچے نامعلوم بیماری سے متاثر ہیں۔ زولو اور بیراگو گاؤں میں 14 نومبر سے 21 نومبر تک پانچ بچوں کی موت ہوئی ہے، جبکہ ڈانڈو اور سارمی میں بھی دو بچوں کی جان بیماری سے چلی گئی ہے۔

سنجے کسکو نے بتایا ہے کہ سبھی مہلوک بچوں کی عمر 10 سال سے کم تھی۔ اِدھر اس معاملے پر سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔ گوڈا کے رکن اسمبلی امت منڈل نے کہا ہے کہ یہ علاقہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے انتخابی حلقہ کے تحت آتا ہے، لیکن ضلع انتظامیہ قبائلی کنبوں کے بچوں میں پھیلی بیماری سے انجان ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک حالت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔