گروگرام میں فرضی کال سینٹر کا پردہ فاش، 7 افراد گرفتار

گرفتار ملزمان کی شناخت مکل سنگھ، آلوک سنہا، وجے پال سنگھ، سمیر کاولی، گورانگ شرما، روی شِرکے اور بوپانگ فوم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ چھاپے کے وقت فرضی کال سنٹر کا مالک نِکونج گیری موجود نہیں تھا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گروگرام: وزیر اعلی ہریانہ کے فلائنگ اسکواڈ نے گروگرام کے ادھوگ وہار فیز 5 میں چلنے والے ایک اور غیر قانونی کال سینٹر کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے ہفتے کے روز بتایا کہ کال سینٹر زیادہ تر امریکی شہریوں کو دھوکہ دیتا تھا، انھیں ایمیزون کے ملازمین کی حیثیت سے پیش کیا جاتا تھا اور ہر صارف سے 100 سے 1000 ڈالر چارج کرتا تھا۔ ملزم نے دو تین مہینے کے مکان کرائے کے طور پر 1.15 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔

پولیس کے مطابق، ڈی ایس پی اندرجیت یادو کی سربراہی میں سی ایم فلائنگ اسکواڈ کی ایک ٹیم نے گروگرام کے ادھوگ وہار فیز 5 واقع کال سینٹر پر چھاپہ مارا۔ چھاپہ ماری کے دوران پولیس نے سات لوگوں کو گرفتار کیا اور 2 ہارڈ ڈسک اور ایک موبائل فون سمیت دیگر الیکٹرانک سامان ضبط کرلیے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مکل سنگھ، آلوک سنہا، وجے پال سنگھ، سمیر کاولی، گورانگ شرما، روی شِرکے اور بوپانگ فوم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ چھاپے کے وقت فرضی کال سنٹر کا مالک نِکونج گیری موجود نہیں تھا۔


چھاپے کے دوران، پولیس نے وہاں 26 مرد اور 10 خواتین کو کام کرتے اور امریکی شہریوں سے بات چیت کرتے دیکھا۔ حالانکہ پولیس نے تفتیش کے بعد انہیں چھوڑ دیا۔ اندر جیت یادو نے بتایا، "ہمیں کچھ خاص باتوں کا پتہ چلا ہے، یہاں چل رہے فرضی کال سنٹر نے امیزون کمپنی کے ملازمین کے طور پر کئی امریکی شہریوں کو دھوکا دیا تھا۔ نوجوان لڑکے لڑکیاں کال سینٹر میں ملازمت کرتے تھے جسے محکمہ ٹیلی مواصلات (ڈی او ٹی) کے لائسنس کے بغیر چلایا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا، "ملزم امریکی شہریوں کو ایمیزون ملازم کے طور پر ٹھگتا تھا اور ای گفٹ ریڈیم کارڈ کے ذریعہ سے 100 سے ایک ہزار ڈالر چارج کرتا تھا۔ سائبر کرئم پولیس اسٹیشن میں بھارتی پینل کوڈ (آئی پی سی) اور آئی ٹی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔