موب لنچنگ پر پی ایم مودی کی حمایت میں 62 شخصیات سامنے آئیں

موب لنچنگ کی مخالفت میں چند روز پہلے مختلف شعبوں کی 49 شخصیات نے پی ایم مودی کو خط لکھا تھا جس کی اب مخالفت کرتے ہوئے فلمی دنیا کے کئی معروف چہروں سمیت 62 دانشوروں نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: موب لنچنگ اور جے شری رام نعرے کی مخالفت میں چند روز پہلے مختلف شعبوں کی 49 شخصیات نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا تھا جس کی اب مخالفت کرتے ہوئے فلمی دنیا کے کئی معروف چہروں سمیت 62 دانشوروں نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

ملک میں موب لنچنگ اور جے شری رام کےبڑھتے ہوئے مبینہ واقعات پر 49 شخصیات نے مودی کو اس سلسلے میں ہفتے کے روز ایک خط لکھ کر ایسے واقعات روکنے کی مانگ کی تھی۔ اسی کے جواب میں اب اداکارہ کنگنا رنوت، نغمہ نگار پرسون جوشی، وینا نواز پنڈت وشوموہن بھٹ اور فلم ڈائریکٹر مدھور بھنڈارکر سمیت اہم شخصیات نے خط لکھا ہے۔ ان شخصیات نے 49 لوگوں کے موب لنچنگ کے خلاف خط لکھنے پر اپنا غصہ ظاہر کرتے ہوئے اسے غلط قرار دیا۔


پہلے کے جوابی خط میں اداکارہ کنگنا رنوت نے کہا، ’’کچھ لوگ اپنی مقبولیت کا غلط استعمال کر رہے ہیں تاکہ لوگوں تک ایسا پیغام پہنچایا جائے کہ اس حکومت میں سب کچھ غلط ہو رہا ہے۔ یہ حقیقت سے برعکس ہے جبکہ ایسا پہلی بارنظر آ رہا ہے کہ چیزیں صحیح سمت میں ہیں۔ ہم ایک بڑی تبدیلی کا حصہ ہیں۔ ملک کی بہتری کے لئے چیزیں بدل رہی ہیں جس کی وجہ سے کچھ لوگ بے چین ہیں۔‘‘

وہیں فلم ڈائریکٹر مدھور بھنڈاركار نے کہا، ’’جب لوگوں کو جے شری رام کہنے کے لئے جیل میں ڈالا جاتا ہے یا پھر جب دہلی کے اندر مندر پر حملہ کیا جاتا ہے، تب یہ لوگ (49 لوگ جنہوں نے وزیراعظم مودی کو خط لکھا ہے) خاموشی اختیار کرلیتے ہیں اور ان کے خط کو دیکھ کر ایسا احساس ہوتا ہے کہ ان میں ایک الگ طرح کی ناراضگی چل رہی ہے۔‘‘


جن 49 شخصیات نے مودی کی تنقید کی تھی ان میں بھی زیادہ تر لوگ فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ اس خط پر دستخط کرنے والے شخصیات میں انوراگ کشیپ، منی رتنم، شوبھا مدگل، کونکنا سین شرما، ارپنا سین، شیام بینیگل، انوپم رائے، بنايك سین، سومترا چٹرجی اور ردھ سین اہم ہیں۔

خط میں شامل ایک شخصیت نے مودی سے پوچھا تھا، ’’موب لنچنگ کے واقعات میں شامل ملزمین کے خلاف کیا ٹھوس کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے مودی سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کی ضمانت نہیں ہونی چاہئے۔ لوگوں کا قتل کرنے والوں کو بغیر کسی مقدمے کے عمر قید کی سزا ہونی چاہیے۔ قصورواروں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے۔‘‘

خط میں مودی سے کہا گیا ہے کہ آج ملک میں مذہب کے نام پر کچھ نہ کچھ ضرور ہو رہا ہے۔ موب لنچنگ کے واقعات پر پارلیمنٹ میں صرف مذمت سے کام نہیں چلے گا۔ انہیں روکنے کے لئے مرکزی حکومت کو سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jul 2019, 10:10 PM