مہاراشٹر میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 60 ہزار نئے کیسز، رائے پور اور چھندواڑا میں مکمل لاک ڈاؤن

کورونا کی دوسری لہر خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے، مہاراشٹر میں تقریباً 60 ہزار نئے کیسز کی تشخیص کی گئی ہے، جبکہ ایم پی کے دو اضلاع اور چھتیس گڑھ کی راجدھانی میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کی دوسری لہر نے ہندوستان کو بری طرح متاثر کر کے رکھ دیا ہے۔ مہاراشٹر میں جہاں 24 گھنٹوں میں تقریباً 60 ہزار نئے کیسز کی تشخیص کی گئی ہے وہیں مدھیہ پردیش کے دو اضلاع جبکہ چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ وہیں قومی راجدھانی دہلی میں بھی کورونا کے کیسز میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔

مہاراشٹر میں 60 ہزار نئے کیسز

مہاراشٹر میں کورونا وائرس کی وبا خطرناک صورت حال اختیار کر چکی ہے۔ صوبہ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوونا کے 59907 نئے معاملوں کی تشخیص کی گئی۔ اسی اثنا میں 322 افراد لقمہ اجل بن گئے، جس کے بعد کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات کی شرح 1.79 فیصد ہو گئی۔ مہاراشٹر میں فی الحال فعال معاملوں کی تعداد 501559 ہے اور اس وقت 2578530 لو خانگی قرنطینہ میں ہیں، جبکہ 21212 افراد ادارتی قرنطینہ میں رہ رہے ہیں۔

ممبئی میں بھی حالات ابتر نظر آ رہے ہیں اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10428 نئے معاملوں کی تشخیص کی گئی ہے۔ وہیں، 23 لوگوں کی کورونا کے سبب موت واقع ہوئی ہے۔ شہر میں 35 دنوں کے اندر کیسز کی تعداد دوگنی ہو گئی۔ ممبئی میں اس وقت 789 عمارتوں کو سیل کر دیا گیا اور فعال کیسز کی تعداد 81886 ہو گئی ہے۔


دہلی میں 5506 نئے کیسز، 20 اموات

ادھر قومی راجدھانی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 5506 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی، جبکہ 20 افراد کی کورونا کے سبب موت واقع ہو گئی۔ 24 نومبر 2020 کے بعد سے نئے معاملوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ راجدھانی میں کورونا کے انفیکشن کی شرح 6.1 فیصد ہے۔ یہ یکم دسمبر کے بعد سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔ یکم دسمبر کو یہاں کورونا کے انفیکشن کی شرح 6.85 فیصد تھی۔ صوبہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 11133 ہو گئی ہے، جبکہ فعال کیسز کی تعداد 19455 ہو گئی ہے، 9 دسمبر 2020 کے بعد یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

مدھیہ پردیش میں کے دو اضلاع میں مکمل لاک ڈاؤن

مدھیہ پردیش میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے درمیان وزیر اعلیٰ کی رہائش پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ صوبہ بھر کے تمام سرکاری دفاتر آئندہ تین ماہ تک 5 دن (پیر تا جمعہ) صبح 10 بجے سے 6 بجے تک کھلیں گے۔ صوبہ کے تمام شہری علاقوں میں کل 8 اپریل سے تاحکم ثانی رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ رہے گا۔ صوبہ کے اضلاع کے شہری علاقوں میں تاحکم ثانی ر اتوار کو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چھندواڑا میں کل 8 اپریل کو رات 8 بجے تک اگلے 7 دنوں تک مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وہیں، شاجا پور میں آج رات 8 بجے سے اگلے دو دنوں تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔


چھتیس گڑھ: رائے پور میں 9 اپریل سے مکمل لاک ڈاؤن

چھتیس گڑھ کی راجددھانی رائے پور کو کنٹیمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ رائے پور میں 10 دنوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ ی لاک ڈاؤن 9 اپریل سے شروع ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */