راجستھان: ریٹ امتحان دینے جا رہے 6 امیدواروں کی سڑک حادثے میں موت، وزیر اعلیٰ گہلوت نے معاوضہ کا کیا اعلان

وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اس حادثے کے سبھی متاثرین کے کنبہ کے لیے معاوضے کا اعلان کرتے ہوئے آر ای ای ٹی (ریٹ) امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت محتاط رہیں اور لاپروا ڈرائیونگ سے بچیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان میں تعلیمی اہلیت امتحان (آر ای ای ٹی -–ریٹ) دینے سیکر جا رہے چھ امیدواروں کی ہفتہ کے روز جے پور کے پاس اندوہناک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ اس واقعہ میں پانچ لوگ سنگین طور سے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے سبھی مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔

سبھی مہلوک باراں ضلع کے رہنے والے تھے اور ریٹ امتحان دینے کے لیے سیکر میں امتحان سنٹر کی طرف جا رہے تھے۔ یہ خطرناک حادثہ جے پور ضلع کے چاکسو کے پاس این ایچ-12 پر ایک ٹرک سے ٹکر کی وجہ سے ہوا۔ حادثے میں زخمیوں کی حالت سنگین ہے اور ان کا الگ الگ اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ دو کو چاکسو واقع سیٹلائٹ اسپتال، دیگر دو کو مہاتما گاندھی اسپتال اور ایک کو جے پور اسپتال میں ریفر کیا گیا ہے۔


راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا۔ انھوں نے سبھی مہلوک کے کنبہ کے لیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے معاوضہ کا اعلان کیا۔ انھوں نے ریٹ امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت محتاط رہیں اور تیز رفتار اور لاپروا ڈرائیونگ سے بچیں۔ گہلوت نے ریٹ امیدواروں سے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرنے کی کوشش کریں۔ کوئی بھی امتحان آپ کی زندگی سے بڑا نہیں۔

واضح رہے کہ راجستھان میں ریٹ امتحان 26 ستمبر کو منعقد کیا جانا ہے جس میں تقریباً 16.5 لاکھ طلبا شامل ہوں گے۔ اسے ریاست میں ایک اہم امتحان مانا جاتا ہے اور اس لیے سیکورٹی کے سخت انتظام کیے گئے ہیں۔ امتحان مراکز پر مسلح پولس فورس تعینات کیے جا رہے ہیں۔ اور ساتھ ہی ہر امتحان مرکز میں سی سی ٹی وی اور ویڈیوگرافی کے حکم دیے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ریٹ امیدواروں کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس کا انتظام کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔