نظام الدین مرکز کی میٹنگ میں شامل ہوئے تلنگانہ کے 6 افراد کی کورونا انفیکشن سے موت

تلنگانہ حکومت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جن 6 لوگوں کی موت کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہوئی ہے وہ گزشتہ دنوں نظام الدین واقع تبلیغی جماعت مرکز کی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔

علامتی تصویر (سوشل میڈیا)
علامتی تصویر (سوشل میڈیا)
user

قومی آوازبیورو

ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے درمیان تلنگانہ سے 6 افراد کی موت کی خبر موسول ہو رہی ہے۔ تلنگانہ حکومت کا کہنا ہے کہ دہلی کے نظام الدین میں مذہبی پروگرام میں شامل ہوئے 6 لوگوں کی موت کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ سبھی اسی مہینے دہلی کے نظام الدین گئے تھے جہاں تبلیغی جماعت مرکز کی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔


تلنگانہ سی ایم او کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔ سی ایم او ٹوئٹر ہینڈل سے دی گئی آفیشیل جانکاری کے مطابق مہلوکین میں سے دو کی موت گاندھی اسپتال میں، ایک کی اپولو اسپتال میں، ایک کی گلوبل اسپتال میں، ایک کی نظام آباد میں اور ایک کی موت گڈوال ضلع میں ہوئی ہے۔ یہ سبھی مرکز میں 13 مارچ سے 15 مارچ کے درمیان ہوئی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔


واضح رہے کہ اس سے قبل جنوب مشرقی دہلی کے نظام الدین واقع تبليغی جماعت کے مركزسے کورونا وائرس کے انفیکشن کے 200 مشتبہ افراد کو جانچ کے لئے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ کئی دیگر کا بھی ٹیسٹ کرایا جانا ہے۔ اس درمیان تقریباً 1200 موجود لوگوں کو وہاں سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ مركز میں موجود 300 لوگوں کو کورونا وائرس کے تعلق سے مشتبہ مانا جا رہا ہے۔ یہ افراد سردی، زکام، کھانسی وغیرہ میں مبتلا ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔