رواں سال تمل ناڈو میں 5.25 لاکھ لوگ کتوں کا بنے نشانہ، 28 افراد کی ریبیز سے موت، حکومت کی رپورٹ میں انکشاف

گلی کے کتے اکثر چھوٹے بچوں پر حملہ کرتے ہیں، چاہے وہ سڑک پر ٹہل رہے ہوں یا اپنے گھروں کے پاس کھیل رہے ہوں۔ تمل ناڈو میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات لگاتار بڑھ رہے ہیں۔

آوارہ کتے، فائل تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

تمل ناڈو میں کتوں کے ذریعہ کاٹے جانے کا معاملہ اب عام بات ہو گئی ہے۔ کئی معاملے ایسے سامنے آ رہے ہیں، جہاں نہ صرف آوارہ کتے، بلکہ گھریلو کتے بھی لوگوں پر حملہ کر رہے ہیں۔ ریاست کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ رواں سال، یعنی 2025 میں اب تک 5.25 لاکھ لوگ کتوں کے کاٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کتوں کے کاٹنے سے ریبیز انفیکشن کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 28 درج کی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چھوٹے بچے خاص طور سے کتوں کا شکار بن رہے ہیں۔ گلی کے کتے اکثر بچوں پر حملہ کرتے ہیں، چاہے وہ سڑک پر ٹہل رہے ہوں یا اپنے گھروں کے پاس کھیل رہے ہوں۔ اس وجہ سے تمل ناڈو میں کتوں کے کاٹنے کا واقعہ مستقل بڑھ رہا ہے۔ لوگ باہر نکلنے سے بھی ڈرنے لگے ہیں۔ اس طرح کے واقعات روکنے کے لیے کئی احتیاطی قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔ خاص طور سے چنئی میونسپل کارپوریشن متعلقہ علاقوں میں جا کر آوارہ کتوں کی مفت ٹیکہ کاری کر رہا ہے۔ چنئی میونسپل کارپوریشن نے بتایا ہے کہ اب تک ایک لاکھ سے زیادہ آوارہ کتوں کی ٹیکہ کاری ہو چکی ہے۔


اس درمیان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ گھر میں رکھے جانے والے پالتو کتوں کے لیے بھی لائسنس ضروری ہے۔ یعنی پالتو کتوں کو مناسب ٹیکہ کاری اور مائیکرو چپ لگانے کے بعد ہی لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔ اعلان کیا گیا ہے کہ اگر 24 نومبر 2025 تک لائسنس نہیں لیا گیا تو 5000 روپے تک کا جرمانہ لگایا جائے گا۔ اس کے لیے چنئی میونسپل کارپوریشن ہر اتوار کو خصوصی کیمپ منعقد کرتا ہے۔ ان کیمپوں میں مفت ٹیکہ کاری، مائیکرو چپنگ اور لائسنس جاری کیے جاتے ہیں۔ پالتو کتوں کے لیے لائسنس آن لائن بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

دھیان دینے والی بات یہ ہے کہ تمل ناڈو میں ہر سال کتوں کے کاٹنے کا معاملہ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کی ریبیز انفیکشن سے موت بھی ہورہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں کتوں کے کاٹنے سے 3.19 لاکھ لوگ متاثر ہوئے اور ریبیز انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 19 تھی۔ اسی طرح 2022 میں 3.64 لاکھ لوگ، 2023 میں 4.41 لاکھ لوگ اور 2025 میں اب تک 5.25 لاکھ لوگ کتوں کے کاٹنے سے متاثر ہو چکے ہیں۔ مہلوکین کی تعداد 2022 میں 28، 2023 میں 18، 2024 میں 48 اور 2025 میں اب تک 28 ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔