مہاراشٹر: رائے گڑھ میں 5 منزلہ عمارت منہدم، 200 سے زائد افراد دبے!

مقامی ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق منہدم عمارت میں تقریباً 50 فیملی کے لوگ رہتے تھے۔ عمارت10 سال پرانی بتائی جارہی ہے جس کی اوپری تین منزلیں منہدم ہو گئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مہاراشٹر میں 5 منزلہ عمارت کے منہدم ہونے کا انتہائی اندوہناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ واقع مہاڑ علاقہ میں پانچ منزلہ عمارت کی اوپری تین منزلیں منہدم ہو گئیں جس کے باعث 200 سے زائد لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مہاراشٹر کی وزیر ادیتی ٹٹکرے نے میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 15 لوگوں کو راحتی ٹیم نے بچا کر باہر نکال لیا ہے اور مزید لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

خبروں کے مطابق عمارت منہدم ہونے کا واقعہ پیر کی شام کا ہے اور اس کی خبر ملتے ہی پولس و انتظامی افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ افسران نے فوری طور پر راحت اور بچاؤ کا م شروع کردیا۔ شروعاتی بچاؤ کام کے دوران جن زخمی افراد کو منہدم عمارت کے ملبہ میں سے نکالا گیا ہے، انھیں قریبی اسپتال میں علاج کے لیے بھیجا گیا ہے۔ ملی اطلاع کے مطابق جائے حادثہ کے لئے تین این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کردیا گیا تھا۔


مہاراشٹر کی کابینی وزیر ادتی ٹٹکرے کا کہنا ہے کہ اس وقت جائے وقوع پر5 مقامی بچاؤ ٹیمیں موجود ہیں اور سرگرمی کے ساتھ اپنا کام کر رہی ہیں۔ مقامی ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اس عمارت میں تقریباً 50 فیملی کے لوگ رہتے تھے۔ عمارت10 سال پرانی بتائی جارہی ہے۔

دریں اثناء مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے این ڈی آر ایف کے ڈائرکٹر سے بات کی اور انہیں فوری طور سے بچاؤ و راحت کاری کا کام کرنے کی ہدایت دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔