بلند شہر میں کار میں آگ لگنے سے زندہ جل کر 5 افراد کی موت، آگرہ میں پک اَپ نے راہگیروں کو کچلا، 4 کی موت
جہانگیر آباد-بلند شہر شاہراہ پر شادی کی تقریب سے لوٹ رہی کار حادثے کی شکار ہو گئی۔ حادثے میں ایک معصوم سمیت 5 لوگ زندہ جل گئے۔ آگرہ میں آموں سے بھرے تیز رفتار پک اَپ نے تین لوگوں کو کچل دیا۔

اتر پردیش کے بلند شہر میں دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک کار پُلیا سے ٹکرا کر اُلٹ گئی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں کار پر سوار 5 افراد زندہ جل کر موت کی آغوش میں چلے گئے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو قبضہ میں لے کر جانچ شروع کر دی ہے۔
اطلاع کے مطابق جہانگیر آباد تھانہ علاقے میں جہانگیر آباد-بلند شہر شاہراہ پر گاؤں چاندوک چوراہے کے پاس بدایوں کی طرف سے آ رہی تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر ایک پُلیا سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد کار میں شدید آگ لگ گئی۔ کار میں موجود ایک معصوم سمیت 5 لوگ زندہ جل گئے۔ حادثے میں ایک لڑکی بُری طرح جھلس گئی جس کا علاج کیا جا رہا ہے۔
کار پر سوار افراد شادی کی تقریب سے دہلی لوٹ رہے تھے۔ حادثے کی وجہ ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنا بتایا جا رہا ہے۔ حادثے میں مومینا تنویز، ندا، زبیر علی اور دو سالہ زینل کی موت ہو گئی جبکہ گلناز شدید طور پر زخمی ہے۔
بلند شہر کے ایس پی (دیہی) تیج ویر سنگھ نے بتایا کہ آج صبح 5.50 بجے جہانگیر آباد پولیس کو اطلاع ملی کہ تھانہ علاقہ کے جہانگیر آباد-بلند شہر شاہراہ پر ایک کار حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کام شروع کیا۔
دوسری طرف آگرہ تھانہ ٹرانس یمنا علاقے میں بھی سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں اس حادثے میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ ایک دیگر زخمی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق آموں سے بھرا ایک پک اَپ تیزی سے آ رہا تھا کہ اسی دوران ڈیوائڈر سے ٹکرا گیا اور مارننگ واک پر آئے سڑک کنارے بیٹھے تین لوگوں کو کچل ڈالا۔ تینوں افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں اس حادثہ میں پک اَپ ڈرائیور کی بھی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص زخمی ہے۔
ذرائع کے مطابق لکھنؤ سے آموں سے بھرا پک اپ میکس آگرہ منڈی کی طرف تیزی سے آ رہا تھا کہ ہائی وے آتے ہی سروس روڈ پر اُلٹ گیا جس سے یہ دردناک حادثہ پیش آیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔