راجہ رگھوونشی قتل معاملہ کے وہ 5 گنہگار، جنھوں نے میگھالیہ، مدھیہ پردیش اور یوپی پولیس کو 17 دنوں تک کیا پریشان
راجہ اور سونم ہنی مون منانے کے لیے شیلانگ گئے ہوئے تھے۔ وہیں پر سُپاری کلرس نے راجہ کو قتل کر کے اس کی لاش کھائی میں پھینک دی۔ لاش پوری طرح مسخ ہو چکی تھی، لیکن اہل خانہ نے اس کی شناخت کر لی تھی۔

قتل کی علامتی تصویر آئی اے این ایس
مدھیہ پردیش کے راجہ رگھوونشی قتل کیس کا معمہ پولیس نے آخر کار حل کر ہی لیا ہے۔ اس معاملہ کو سلجھانے میں 17 دنوں تک میگھالیہ اور مدھیہ پردیش کی پولیس کے ساتھ ساتھ یوپی کی پولیس بھی مصروف رہی۔ اس پورے معاملہ کی ماسٹر مائنڈ مقتول رگھوونشی کی بیوی سونم ہی ہے، جسے یوپی پولیس نے 9 جون کو غازی پور سے گرفتار کیا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے دیگر 4 ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
واضح ہو کہ راجہ اور سونم ہنی مون منانے کے لیے شیلانگ گئے ہوئے تھے۔ وہیں پر سُپاری کلرس نے راجہ کو قتل کر کے اس کی لاش کھائی میں پھینک دی۔ لاش پوری طرح مسخ ہو چکی تھی، لیکن اہل خانہ نے اس کی شناخت کر لی تھی۔ میگھالیہ پولیس کے مطابق سونم نے ہی اپنے عاشق راج کشواہا کے ساتھ مل کر راجہ رگھوونشی کے قتل کی سازش رچی تھی۔
میگھالیہ کی ایسٹ خاصی ہِلس کے ایس پی وویک نے بتایا کہ پولیس نے سونم کے علاوہ 4 اور لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ سب سے پہلے ملزم آکاش راجپوت کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کی عمر تقریباً 19 سال ہے۔ آکاش للت پور کا رہنے والا ہے۔ گرفتار دیگر ملزمان میں آنند کرمی، وشال سنگھ چوہان اور راج سنگھ کشواہا ہیں، دونوں ہی اندور کے مدھیہ پردیش سے ہیں۔ راج سنگھ کشواہا کی عمر 21 سال ہے، جو سونم کا عاشق بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ جرم 23 مئی کو انجام دیا گیا تھا۔ شروعات میں راجہ اور سونم دونوں کے غائب ہونے کی وجہ سے اسے قتل کا معاملہ نہیں مانا جا رہا تھا اور پولیس انہیں گمشدہ خیال کر کے تلاش کر رہی تھی۔ حالانکہ 2 جون کو راجہ کی لاش برآمد ہونے کے بعد معاملہ نے ایک نیا موڑ لے لیا اور قتل کا انکشاف ہوا۔ اس کے فوراً بعد معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کی گئی۔
ایس پی وویک کے مطابق ایس آئی ٹی نے صرف 7 دنوں کے اندر پختہ ثبوت اکٹھا کر کے ملزمان تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں راج کشواہا اور سونم رگھوونشی کے کردار کو اہم مانا جا رہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سونم اور دیگر ملزمان گزشتہ کئی دنوں سے چھپے ہوئے تھے۔ پولیس کی کارروائی شروع ہوتے ہی سونم اچانک سامنے آ گئی، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔