’جن لوگوں نے 420 کا کام کیا، وہ 400 پار کی بات کر رہے‘، اداکار پرکاش راج نے بی جے پی پر چلائے طنز کے تیر

پرکاش راج نے کرناٹک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ جمہوریت میں کوئی ایک پارٹی 400 یا اس سے زیادہ سیٹیں جیت سکے۔

<div class="paragraphs"><p>پرکاش راج، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

پرکاش راج، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

مرکز کی مودی حکومت کی پالیسیوں اور بی جے پی لیڈران کے بیانات کو اکثر تنقید کا نشانہ بنانے والے جنوبی ہند کے مشہور اداکار پرکاش راج نے ایک بار پھر بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے حالانکہ بی جے پی کا نام تو نہیں لیا ہے لیکن طنزیہ انداز میں ایک بیان ضرور دیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’جن لوگوں نے 420 (فراڈ) کا کام کیا ہے، وہ آج آئندہ لوک سبھا انتخاب میں 400 سیٹیں جیتنے کی بات کر رہے ہیں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران کی طرف سے لگاتار ’ابکی بار، 400 پار‘ کا نعرہ بلند کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی اس نعرہ کے ذریعہ دعویٰ کر رہی ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں این ڈی اے کو 400 سے زیادہ سیٹیں حاصل ہوں گی۔ ساتھ ہی بی جے پی کو کم از کم 370 سیٹیں ملنے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔ انہی دعووں کا پرکاش راج نے مذاق اڑایا ہے۔


پرکاش راج نے کرناٹک کے چکمنگلور پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے 17 مارچ کو مذکورہ بالا بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’420 کرنے والے ہی 400 سیٹیں لانے کی بات کریں گے۔ چاہے کوئی بھی پارٹی ہو، کانگریس ہو یا کوئی دیگر پارٹی، یہ دعویٰ کرتی ہے تو یہ آپ کے تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی کے ذریعہ این ڈی اے کے 400 سیٹیں جیتنے کے دعوے پر اداکار نے کہا کہ ’’اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ جمہوریت میں کوئی ایک پارٹی 400 یا اس سے زیادہ سیٹیں جیت سکے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آپ کوئی سیٹ تبھی جیت سکتے ہیں جب عوام آپ کو وہ سیٹ دے رہی ہو۔ کوئی بھی سیاسی پارٹی یہ دعویٰ نہیں کر سکتی کہ وہ آگے آ کر سیٹیں جیت سکتی ہے۔ اسے تکبر ہی کہا جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔