راجدھانی ایکسپریس کی زد میں آنے سے 4 کی موت

اتر پردیش کے اٹاوہ میں راجدھانی ایکسپریس کی زد میں آنے سے 4 افراد ہلاک ہو گئے، اٹاوہ-دہلی ہاوڑہ ریل مارگ واقع بلرئی ریلوے اسٹیشن پر یہ دردناک حادثہ ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اٹاوہ: اترپردیش کے ضلع اٹاوہ میں پیر کو دہلی هاوڑا ریلوے لائن کے بلرائی ریلوے اسٹیشن پر راجدھانی ایکسپریس کی زد میں آنے سے چار مسافروں کی موت ہو گئی۔ پولس انتظامیہ کے مطابق اس حادثے میں چار افراد کی موت ہوئی ہے، ان کے علاوہ کوئی بھی مسافر زخمی نہیں ہوا ہے۔

پولس سپرنٹنڈنٹ چندرپال سنگھ نے بتایا کہ بلرائی ریلوے اسٹیشن پر اودھ ایکسپریس صبح سات بجے کے قریب آ کر کھڑی ہوئی۔ گاڑی میں بھیڑ زیادہ ہونے کی وجہ سے کوشامبی کے رہنے والے چار افراد پلیٹ فارم پر نہ اتر کر دوسری سمت سے کوچ تبدیل کرنے کے لئے اترے، اس دوران دوسری ریل لائن پر راجدھانی ایکسپریس گزر رہی تھی، چاروں اس کی زد میں آگئے اور ان چاروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں مرنے والے چاروں افراد ضلع کوشامبی کے جگ راجپور کے رہنے والے ہیں۔ پورے معاملے کی تحقیقات کے لئے ریلوے افسروں کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اگر جانچ میں کوئی قصور وار ٹھہرایا جائے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


کانپور کے گو جینی کے باشندے یشونت نے بتایا کہ چاروں اس کے رشتہ دار ہیں۔ چاروں کانپور سے ٹرین میں بیٹھے تھے اور کانپور سے سورت جا رہے تھے۔ یشونت نے بتایا کہ کانپور سے اودھ ایکسپریس میں بیٹھے تھے۔ یشونت نے الزام لگایا کہ ٹی ٹی 500 روپے مانگ رہا تھا۔ ٹی ٹی کے ڈر سے سب مخالف سمت سے اتر کر بھاگے تبھی راجدھانی ایکسپریس آگئی اور چاروں افراد ٹرین کی زد میں آ گئے۔

مرنے والوں میں جیتو (20) والد راجندر کمار، لال چند (20)، سریندر کمار (21) ولد بھیا لال ، پنٹو ساکنان گاؤں جگ راجپور کی موت ہوئی ہے۔ حادثے کی خبر ملنے کے بعد ہیڈکوارٹر سے ریلوے پولس اور انتظامیہ عملہ موقع پر پہنچ گیا ہے۔ اودھ ایکسپریس ٹرین مظفر پور سے باندرہ ٹرمینل جا رہی تھی۔ بلرائی اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر اودھ ایکسپریس کو لوپ لائن پر کھڑا کرکے کانپور کی جانب سے دہلی جا رہی راجدھانی ایکسپریس ٹرین کو پاس کرایا جا رہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔