کورونا کا خوف: بہار میں ڈیوٹی سے غائب ملے 362 ڈاکٹرس، وجہ بتاؤ نوٹس جاری

کورونا وبا کے درمیان بہار میں ایک بڑی لاپروائی سامنے آئی ہے۔ محکمہ صحت کے اچانک معائنہ کے دوران 362 ڈاکٹر ڈیوٹی سے غائب ملے ہیں۔ ان غائب ڈاکٹروں کو ریاستی حکومت نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پاؤں پسار رہا ہے۔ لگاتار مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن اس درمیان خبر سامنے آئی ہے کہ بہار میں 362 ڈاکٹر اپنی ڈیوٹی سے ندارد ہیں۔ وبا کے دوران ڈیوٹی سے غائب رہنے والے 362 ڈاکٹروں کو بہار حکومت نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، بہار حکومت نے ان ڈاکٹروں کے خلاف ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور وبائی ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

خبروں کے مطابق کٹیہار کو چھوڑ کر بقیہ سبھی 37 اضلاع میں ڈاکٹر اپنی ڈیوٹی پر نہیں پائے گئے۔ پٹنہ ضلع میں ہی ایسے 25 ڈاکٹرس ملے جو 31 مارچ سے 12 اپریل کے درمیان اپنی ڈیوٹی کی جگہ سے ندارد تھے۔ محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری سنجے کمار نے بتایا کہ وبائی ایکٹ کے تحت ان سبھی ڈاکٹروں سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ عوامی اشتہار اور خط لکھ کر ان ڈاکٹروں کو وضاحت دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ اس وقت کورونا کا خوف ہر کسی پر طاری ہے۔ بہار، خصوصاً راجدھانی پٹنہ سے ایسی کئی خبریں سامنے آ چکی ہیں کہ ڈاکٹرس مریضوں کو دیکھنے میں لاپروائی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کورونا کی دہشت کے درمیان کسی دوسرے مرض کا علاج کرنے والے لوگوں کو بھی بے پناہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حد تو یہ ہے کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں ڈاکٹرس یا تو بہت کم ہیں، یا پھر وہ لوگوں کا علاج کرنے سے کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر منع کر دیتے ہیں۔

ویسے یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ڈیوٹی سے غائب ان ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی پیش رفت کی گئی ہو۔ اس سے پہلے بھی دو بار ان کو نوٹس بھیجا جا چکا ہے۔ اس کے باوجود وہ باز نہیں آ رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بہار حکومت نے کووڈ-19 کے خلاف لڑائی لڑ رہے ڈاکٹروں کی چھٹیاں 31 مئی تک رد کر دی ہیں۔ ڈاکٹروں کے ساتھ نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بھی چھٹیاں 31 مئی تک رد ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 May 2020, 3:11 PM