نیپال اور ہندوستان کے درمیان 35 کلومیٹر طویل ریل سروس 8 سال بعد شروع

ہندوستان اور نیپال کا سفر کرنے والے مسافر 3 اپریل سے اس سفر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ یہ ٹرین سروس بہار کے جے نگر سے نیپال کے جنک پور کے راستے کرتھا تک جائے گی۔

وزیر اعظم مودی کے ساتھ موجود ان کے نیپالی ہم منصب شیر بہادر دیوبا / آئی اے این ایس
وزیر اعظم مودی کے ساتھ موجود ان کے نیپالی ہم منصب شیر بہادر دیوبا / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان اور نیپال کے درمیان ریل سروس 8 سال بعد ایک بار پھر شروع ہو گئی ہے۔ نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس 35 کلومیٹر طویل ریل سروس کا افتتاح کیا۔

ہندوستان اور نیپال کا سفر کرنے والے مسافر 3 اپریل سے اس سفر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ یہ ٹرین سروس بہار کے جے نگر سے نیپال کے جنک پور کے راستے کرتھا تک جائے گی۔ ہندوستان اور نیپال کے درمیان شروع ہونے والی یہ ریل سروس کل 34.9 کلومیٹر لمبی ہوگی۔ ریل سروس کے افتتاح کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ریل سروس کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان قربتیں پیدا ہوں گی۔


پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان شروع ہونے والے اس ریل روٹ پر 127 چھوٹے اور 15 بڑے پل بنائے گئے ہیں۔ یہ منصوبہ اس خطے کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 34.9 کلومیٹر طویل جے نگر-کُرتھا ریل سیکشن دونوں ممالک کے درمیان جغرافیائی رابطہ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی رشتوں کو بھی مضبوط کر رہا ہے۔ نیپال میں روپے (RuPay) کارڈ کا آغاز ہمارے مالیاتی رابطے میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔ رامائن سرکٹ وغیرہ سے بھی دونوں ممالک قریب آئیں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نئے تبدیل شدہ جے نگر-کرتھا ریل سیکشن پر ریل مسافر سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلوے کے مطابق، جے نگر سے کرتھا تک کے اس سفر کے درمیان کل 9 اسٹاپ ہوں گے۔ بہار کے جین نگر سے ٹرین شروع ہونے کے بعد اندروا رکے گی اور پھر اگلا اسٹیشن کھجوری ہوگا۔ یہ ٹرین کھجوری سے مہیناتھ پور، مہیناتھ پور سے ویداہی، ویداہی سے پرواہا، پرواہا سے جنک پور اور جنک پور سے کرتھا کے روٹ پر چلائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔