2024 میں موسم سے جڑے واقعات میں 3200 اموات، آئی ایم ڈی نے جاری کی سالانہ رپورٹ

گزشتہ سال بجلی اور آندھی کی وجہ سے 1374 لوگوں کی جانیں تلف ہوئیں جبکہ سیلاب اور شدید بارش سے1287 اور لُو سے 459 لوگوں نے اپنی جانیں گنوا دیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اپنے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہندوستانی موسم سائنس محکمہ (آئی ایم ڈی) نے بدھ کو اپنا سالانہ 'آب و ہوا خلاصہ-2024' جاری کیا ہے۔ اس رپورٹ میں ہندوستان میں گزشتہ سال موسم سے جڑے واقعات پر تفصیل سے بات کی گئی ہے۔ اس میں موسم سے متعلق کئی ایسے اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں جو ہمیں ڈرا سکتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 2024 کو اب تک زمین پر سب سے گرم سال بتایا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 1901 کے بعد گزشتہ سال زمین کا درجہ حرارت سب سے زیادہ رہا اور اس کا اثر ہندوستان پر بھی دیکھنے کو ملا، جہاں تبدیلیٔ آب و ہوا کی وجہ سے موسم سے متعلق آفات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

آئی ایم ڈی کی اس رپورٹ کے مطابق 2024 میں ملک میں ایکسٹریم ویدر سے جڑے واقعات کی وجہ سے 3200 اموات ہوئی۔ اس کا تجزیہ کریں تو ہندوستان میں گزشتہ سال بجلی اور آندھی کی وجہ سے 1374 لوگوں کی جانیں تلف ہوئیں۔ وہیں سیلاب اور شدید بارش کی وجہ سے 1287 اور لُو سے 459 لوگوں نے اپنی زندگیاں گنوائیں۔ اس کے علاوہ یہ رپورٹ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ کئی مقامات پر درجہ حرارت اور بارش دونوں کے معاملے میں 1901 کے بعد سے نئے ریکارڈ درج کیے گئے ہیں۔


گجرات کے پور بندر میں 19 جولائی کو 485 اعشاریہ 8 ملی میٹر بارش کے ساتھ ایک دن میں سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ درج کیا گیا۔ وہیں گرمی بھی اپنے عروج پر رہی۔ راجستھان کے چُرو میں 50 اعشاریہ 5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

ریاست وار حالت کی بات کریں تو بہار میں بجلی اور آندھی کی وجہ سے سب سے زیادہ لوگوں کی جانیں گئیں جبکہ کیرالہ میں سیلاب اور شدید بارش قہر بن کر سامنے آئی۔ ان دو ریاستوں کے علاوہ اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں بھی خراب موسم بڑی تعداد میں لوگوں کی موت کی وجہ بنا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔