’ملت مایوسی سے نکل کر تعلیم کی طرف متوجہ ہو‘

’’اردو اکیڈمی کی جانب سے قائم شدہ ’اردو آئی اے ایس اسٹڈی سینٹر‘ کا پہلا نتیجہ منظر عام پر آیا ہے۔ تین دختران ملت سمیت 31 مسلم بچوں نے پی سی ایس لوور کا پری ایگزام کوالیفائی کیا ہے۔‘‘

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

دیوبند: اترپردیش اردو اکیڈمی کے سابق چیئرمین اور معروف شاعر ڈاکٹر نواز الدین دیوبندی نے کہا کہ مایوسی سے باہر نکل کر ملت کو تعلیم کی طرف متوجہ ہونا چاہئے جو مواقع کسی بھی طرح میسر آجائیں ان کو مکمل طو رپر بروئے کار لانا ہی دانش مندی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اخلاقیات، تعلیم اور صنعت وحرفت کے میدان میں مکمل جذبہ ایثار سے کام لینا چاہئے ۔ اس کے بغیر کامیابی کا تصور محال ہے۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی آج یہاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

نواز دیوبندی نے بتایا کہ پی سی ایس لوور میں 31مسلم بچوں نے پری کوالیفائی کیا ہے، یہ مقام مسرت ہے کہ اردو اکیڈمی کی جانب سے ان کے ذریعہ قائم کیا گیا شعبہ ’’اردو آئی اے ایس اسٹڈی سینٹر‘‘ کا پہلا نتیجہ منظر عام پر آیا ہے اور پی سی ایس کے اس امتحان میں تین دختران ملت بھی شامل ہیں، اس پہلو نہایت خوش آئند کہا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کہا کہ بعض مرتبہ ملک اور معاشرے کے حالات مایوس کن نظر آتے ہیں لیکن مایوسی کے اس زہر کا تریاق محض تعلیمی اداروں میں موجود ہے۔ تعلیم کے راستے پر چل کر ہی یہ ملت اس مقابلہ جاتی دنیا میں اپنا کوئی مقام وہدف حاصل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سردست فروعی معاملات کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک خوش گوار جنون کے ساتھ جہان علم وعمل میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، یہ خوش گوار جنون خوش گوار زندگی کا ضامن بنے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ذریعہ 2014/15میں اردو آئی ایس اسٹڈی سینٹر قائم کیا گیا تھا، اس کی سودمندی اور افادات اسی بات پر منحصر کرتی ہے کہ اس میدان عمل کو نسل نو کس قدر زرخیز بناتی ہے ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بتایا کہ اس کامیاب طلبہ کی فہرست میں آفرین، رضیہ، کہکشاں کے علاوہ سفیان پنوار سہارنپور، سلمان معراج کھتولی، مستجاب خان شاملی، محمد احمد امبیڈکر نگر، جمیل انصاری، اکمل جمال، صارم، اظہر خان، عامر خان، اطیع اللہ انصاری، اسعد حیدری، زبیر خان آزاد عالم، محمد جاوید کے نام شامل ہیں۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے پی سی ایس لوور میں ابتدائی کامیابی حاصل کرنے والے مسلم بچے اور بچیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ

جو سفر اختیارکرتے ہیں وہی دریا کو پار کرتے ہیں ٭ چل کے تو دیکھئے مسافر کا راستے انتظار کرتے ہیں ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Jan 2018, 9:20 AM