سیاچن گلیشیر میں برفانی تودہ گرنے سے 3 فوجی جوان شہید، ریسکیو آپریشن جاری

سیاچن گلیشیر بہت زیادہ ٹھنڈا علاقہ ہے، جہاں پر برفیلے طوفان فوجیوں کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔ 1984 میں آپریشن ’میگھ دوت‘ کے بعد سے اب تک 1000 سے زیادہ فوجی جوان یہاں موسم کی وجہ سے شہید ہو چکے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ&nbsp;@lapata_Boy</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دنیا کے سب سے اونچے میدانِ جنگ سیاچن گلیشیر میں بڑے پیمانے پر برفانی تودے گرے ہیں۔ برفانی تودے کی زد میں آنے کے سبب وہاں تعینات 3 فوجی جوان شہید ہو گئے ہیں۔ برفانی تودہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی فوجی افسران نے فوری طور پر امدادی ٹیم موقع پر روانہ کر دیں۔ امدادی ٹیم نے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا ہے۔ واضح ہو کہ خراب موسم اور نامساعد حالات میں فوج اس علاقہ میں پوری مستعدی سے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں اور ہندوستانی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔

تینوں شہید فوجی جوان مہار رجمنٹ سے تھے۔ ان کا تعلق گجرات، اتر پردیش اور جھارکھنڈ سے تھا۔ 5 فوجی جوان برفانی تودے میں پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ ایک کپتان کو بچا لیا گیا ہے۔ فوج کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر بچاؤ کام میں مصروف ہو گئی ہیں، لیہہ اور ادھم پور سے مدد لے رہی ہیں۔ واضح ہو کہ 1984 میں آپریشن ’میگھ دوت‘ کے بعد سے اب تک 1000 سے زیادہ فوجی جوان یہاں موسم کی وجہ سے شہید ہو چکے ہیں۔


سیاچن گلیشیر کو دنیا کا سب سے اونچا میدانِ جنگ کہا جاتا ہے۔ یہ بہت زیادہ ٹھنڈا علاقہ ہے، جہاں پر برفیلے طوفان فوجیوں کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ یہ علاقہ لداخ کے قراقرم سلسلے کے مشرقی حصے میں آتا ہے۔ اس علاقے کی اونچائی کی بات کریں تو یہ سمندر کی سطح سے 5400 میٹر یعنی تقریباً 18000 فٹ اونچائی پر ہے۔ سیاچن گلیشیر میں کچھ علاقے 7500 میٹر یعنی تقریباً 24000 فٹ کی اونچائی پر بھی ہوتے ہیں۔

سیاچن گلیشیر کی کل لمبائی 76 کلومیٹر ہے جو دنیا کا دوسرا سب سے بڑا غیر قطبی گلیشیر ہے۔ سردیوں میں یہاں کا درجہ حرارت 50- ڈگری تک گر جاتا ہے۔ سیاچن کا خطہ ہندوستانی سرحد پر بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ ہندوستان-پاکستان اور چین کی سرحد کے مثلث پر واقع ہے۔ یہ علاقہ اسٹریٹجک نقطہ نظر سے بہت حساس ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔