تھانے: مین ہول میں دم گھٹنے سے 3 صفائی ملازمین کی موت

ملازمین میں سے جب ایک ملازم مین ہول میں گھسا تو وہ باہر نہیں نکلا، پہلے ملازم کا پتہ لگانے کے لئے دوسرا اور دوسرے کا پتہ لگانے کے لئے تیسرا ملازم مین ہول میں داخل ہو گیا۔ جہاں تینوں کی موت ہوگئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

تھانے: مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم آئی ڈی سی) میں ٹھیکے پر کام کرنے والے تین ملازمین کی ڈومبولی نالے کے مین ہول میں کام کرتے وقت زہریلی گیس سے دم گھٹنے کی وجہ سے موت ہو گئی۔

کلیان ڈومبولی میونسپل کارپوریشن (كےڈی ایم سی) کے محکمہ فائر بریگیڈ کے ذرائع کے مطابق ایم آئی ڈی سی کے ملازمین جمعہ کو صنعتی علاقے میں نالے کی صفائی کا کام کر رہے تھے، ان ملازمین میں سے جب ایک شخص مین ہول میں گھسا تو وہ باہر نہیں نکلا۔ پہلے ملازم کا پتہ لگانے کے لئے دوسرا اور دوسرے کا پتہ لگانے کے لئے تیسرا ملازم مین ہول میں داخل ہوا۔ تینوں ملازمین کی زہریلی گیس کی وجہ سے دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔

محکمہ فائر بریگیڈ کے افسر نے کہا کہ محکمہ فائر بریگیڈ کو شام چار بجکر 15 منٹ پر اس واقعہ کی اطلاع ملی۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تینوں لاشوں کو باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال بھیج دیا۔ مرنے والوں کی شناخت دیويداس پچگے (30)، گھنشیام (40) اور مہادیو جوپ (38) کے طور پرکی گئی ہے۔

ان تینوں کو نالے کی صفائی سے پہلے ضروری دفاعی آلات فراہم نہیں کئے گئے تھے جس کی وجہ سے ان تینوں کی مین ہول میں موت ہو گئی۔ پولس نے رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔