دہلی: عآپ میں شامل ہونے والے 3 کانگریس لیڈران کو ہوا غلطی کا احساس، علی مہدی سمیت دونوں کونسلر ’گھر واپس‘

ایم سی ڈی کے انتخابی نتائج آنے کے تیسرے دن دو کونسلروں نے دہلی کانگریس کے نائب صدر علی مہدی کے ساتھ عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی لیکن چند گھنٹوں کے بعد ہی یہ لیڈر کانگریس میں واپس آ گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن کے نتائج کے بعد کانگریس لیڈروں کے عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کے چند گھنٹے بعد ایک دلچسپ موڑ آیا۔ دراصل دہلی کانگریس کے نائب صدر علی مہدی کے ساتھ برج پوری وارڈ سے کانگریس کونسلر نازیہ خاتون اور مصطفی آباد وارڈ کی کونسلر سبیلہ بیگم نے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن یہ تینوں لیڈر دوبارہ کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔

واقعے کے چند گھنٹے بعد دہلی کانگریس کے نائب صدر علی مہدی نے معافی مانگی اور کہا کہ وہ اپنی پرانی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے کارکن ہیں۔ ان کے ساتھ عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے والی مصطفی آباد سے کونسلر سبیلہ بیگم اور برج پوری سے نازیہ خاتون بھی دوبارہ کانگریس میں شامل ہو گئی ہیں۔


خیال رہے کہ مہدی کا کانگریس میں واپس جانے کا اعلان مصطفی آباد میں احتجاج کے بعد سامنے آیا ہے۔ کیونکہ کانگریس کارکنوں نے ان کے فیصلے کی سخت مخالفت کی تھی۔ تاہم مہدی کے دوبارہ کانگریس میں شامل ہونے کے اعلان کے بعد پارٹی کے کئی رہنما ان کی تعریف کر رہے ہیں۔

عآپ نے دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں 250 میں سے 134 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ بی جے پی نے 104 وارڈوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کانگریس کو 9 سیٹیں ملی تھیں۔ تین نشستوں پر آزاد امیدواروں نے قبضہ جمایا ہے۔ اسی دوران کانگریس کے 2 کونسلر کانگریس چھوڑ کر عام آدمی پارٹی کے ساتھ چلے گئے، جس کے بعد کانگریس کے کونسلروں کی تعداد 7 رہ گئی تھی لیکن باغی لیڈر کچھ گھنٹوں بعد دوبارہ کانگریس میں شامل ہو گئے۔


نازیہ خاتون کو برج پوری وارڈ سے 9639 ووٹ ملے۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کی امیدوار عارفین ناز کو شکست دی۔ عارفین کو 7521 ووٹ ملے۔ نازیہ نے 2118 ووٹوں سے کونسلر کا انتخاب جیتا۔ دوسری طرف مصطفی آباد وارڈ سے کانگریس کی سبیلہ بیگم نے الیکشن جیتا۔ انہوں نے اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم کی امیدوار سروری بیگم کو شکست دی۔ سبیلہ بیگم کو 14921 ووٹ ملے۔ جبکہ سروری کو 8339 ووٹ ملے۔ سبیلہ بیگم نے یہ الیکشن 6582 ووٹوں سے جیتا۔

ایم سی ڈی میں 15 سال قابض رہنے والی بی جے پی اقتدار سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔ تین بار دہلی اسمبلی میں جیتنے والی عآپ پہلی بار ایم سی ڈی میں جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ ایم سی ڈی کی 250 سیٹوں پر 4 دسمبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ ان انتخابات میں 250 وارڈوں میں کل 1349 امیدوار میدان میں تھے۔ ان میں سے 382 امیدوار آزاد تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔