ہماچل پردیش میں 1 بجے تک تقریباً 37 فیصد پولنگ

گزشتہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں 64.42 فیصد پولنگ ہوئی تھی اور اس انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سبھی چار سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شملہ: ہماچل پردیش کی چاروں سیٹوں پر آج دوپہر 1 بجے تک تقریباً 37 فیصد پولنگ ہوئی۔ بالائی علاقوں میں سردی کی وجہ سے پولنگ مراکز پر ووٹروں کی تعداد کم دیکھی گئی اور نچلے علاقوں میں ووٹروں کی خاصی تعداد پولنگ مراکز پر نظر آئی۔

دوپہر تک ووٹنگ کی رفتار تیز دیکھی گئی۔ ریاست کے وزیر اعلی جے رام ٹھاکر نے اپنے کنبے کے ساتھ لائن میں کھڑے ہو کر منڈی پارلیمانی حلقہ اور سراج اسمبلی کے بھراری (مورهاگ) پولنگ مرکز پر اپنا ووٹ ڈالا۔ ہمیر پور پارلیمانی سیٹ سے بی جے پی امیدوار انوراگ ٹھاکر اور سابق وزیر اعلی پریم کمار دھومل نے سمير پور حلقے میں ووٹ دیا۔


چیف الیکشن افسر ودیش کمار نے بتایا کہ ریاست میں پولنگ پرامن چل رہی ہے۔ ابھی تک کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی خبر نہیں ہے۔ ایڈٰیشنل الیکشن افسر دليپ نیگی نے بتایا کہ ہماچل پردیش میں اب تک 9 پولنگ مراکز میں ای وی ایم مشینوں میں خرابی آئی جنہیں فوری تبدیل کیا گیا۔ اس کے بعد ووٹنگ کا عمل آسانی سے شروع ہو گیا۔ ریاست میں پرامن طریقے سے ووٹنگ ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ ریاست میں گزشتہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں 64.42 فیصد پولنگ ہوئی تھی اور اس انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سبھی چار سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔ ان میں کانگڑا پارلیمانی سیٹ سے شانتا کمار، ہمیر پور سے انوراگ ٹھاکر، وریندر کشیپ اور منڈی سے رام سوروپ شرما نے جیت حاصل کی تھی۔ بی جے پی کو اس انتخاب میں 53.85 فیصد اور کانگریس کو 41.87 فیصد ووٹ ملے تھے۔


ریاست میں روایتی طور پر اس مرتبہ بھی مقابلہ بی جے پی اور کانگریس امیدواروں کے درمیان ہے۔ بی جے پی کے لیے اس الیکشن میں جہاں سال 2014 دہرانے، وہیں کانگریس کے سامنے بی جے پی کو روکنے اور کچھ سیٹوں پر قبضہ کر اپنی ساکھ دوبارہ قائم کرنے کا چیلنج ہے۔

بی جے پی نے اس بار منڈی اور ہمیر پور سے موجودہ اراکین پارلیمنٹ کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ منڈی سے رام سوروپ شرما دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں وہیں ہمیر پور سیٹ سے تین بار کے رکن پارلیمنٹ رہ چکے اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سابق صدر انوراگ ٹھاکر اس بار بھی اس سیٹ سے چوکا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پارٹی نے کانگڑا سیٹ سے اس مرتبہ شانتا کمار کو دوبارہ ٹکٹ دینے کے بجائے ریاستی ٹرانسپورٹ وزیر کشن کپور اور شملہ سیٹ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ وریندر کشیپ کی جگہ سریش کشیپ کو ٹکٹ دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔