ممبئی 26/11 حملہ: تہوّر رانا کی عدالتی حراست میں 9 جولائی تک توسیع، تہاڑ سے طبی رپورٹ بھی طلب
ممبئی 26/11 حملے کے ملزم تہور رانا کی عدالتی حراست 9 جولائی تک بڑھا دی گئی ہے۔ عدالت نے صحت پر تشویش کے بعد تہاڑ جیل سے 9 جون تک رپورٹ طلب کی ہے

ممبئی حملے کا ملزم تہور رانا / آئی اے این ایس
نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے ممبئی 26/11 دہشت گردانہ حملے کے مرکزی ملزم تہور حسین رانا کی عدالتی حراست میں 9 جولائی تک توسیع کر دی ہے۔ خصوصی جج چندر جیت سنگھ نے جمعہ کے روز یہ حکم اس وقت دیا جب رانا کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس پیشی کی وجہ اس کی سابقہ عدالتی حراست کی مدت کا اختتام تھا۔
تہور رانا کے وکیل نے عدالت میں اس کی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کیا، جس پر عدالت نے تہاڑ جیل انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ رانا کی صحت کی مکمل تفصیل پر مبنی رپورٹ 9 جون تک پیش کرے۔
تہور حسین رانا، جو پاکستانی نژاد امریکی شہری ہے، 26 نومبر 2008 کے ممبئی حملے کے مرکزی سازشی ملزم ڈیوڈ کولمین ہیڈلی عرف داؤد گیلانی کا قریبی ساتھی ہے۔ واضح رہے کہ ہیڈلی نے تفتیشی ایجنسیوں کے سامنے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ ان حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا اور اس میں رانا نے بھی اس کی مدد کی تھی۔
امریکہ کی عدالت عظمیٰ نے رواں سال 4 اپریل کو رانا کی اس عرضی کو مسترد کر دیا تھا جس میں اس نے اپنی ہندوستان حوالگی کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی۔ اس فیصلے کے بعد اسے امریکہ سے ہندوستان لایا گیا، جہاں عدالت نے گزشتہ ماہ اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔
تہور رانا کی حوالگی کے معاملے کو لے کر کافی وقت سے قانونی کشمکش جاری تھی۔ ہندوستانی تفتیشی ایجنسیوں نے اس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ممبئی حملوں کی سازش سے واقف تھا اور اس نے دانستہ طور پر دہشت گردانہ منصوبہ بندی میں اپنا کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ 26 نومبر 2008 کو دس پاکستانی دہشت گرد سمندری راستے سے ہندوستان کے مالیاتی راجدھانی ممبئی میں داخل ہوئے تھے۔ ان دہشت گردوں نے چھترپتی شیواجی ٹرمنس ریلوے اسٹیشن، ہوٹل تاج، ہوٹل اوبرائے ٹرائیڈینٹ اور نریمان ہاؤس (یہودی مرکز) سمیت کئی اہم مقامات پر حملے کیے تھے۔
تقریباً 60 گھنٹوں تک جاری رہنے والے ان مہلک حملوں میں 166 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ یہ واقعہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑا سانحہ تھا، جس نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خطرے کو نمایاں کیا۔
فی الحال رانا تہاڑ جیل میں زیر حراست ہے اور عدالت نے اس کی صحت سے متعلق خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کیس کی اگلی سماعت 9 جولائی کو متوقع ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔